’ميچ فکسنگ‘ جرم ہونا چاہيے، ڈریوڈ
7 اگست 2013عالمی شہرت يافتہ بھارتی بلے باز راہول ڈریوڈ نے اسپاٹ فکسنک کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا، ’’ہميں درست قوانين کے ذريعے اس کی نگرانی کرنا ہوگی اور اس بات کو يقينی بنانا ہوگا کہ جب لوگ اس عمل ميں ملوث ہوں، تو انہيں سزا ضرور ملے۔‘‘ چالیس سالہ ڈریوڈ نے يہ بات کرکٹ سے متعلق ايک ويب سائٹ پر شائع کردہ اپنے ايک حاليہ انٹرويو ميں کہی ہے۔ ان کے بقول لوگوں کو يہ ديکھنا اور سمجھنا ہو گا کہ اگر وہ کوئی غلط قدم اٹھاتے ہيں، تو اس کے نتائج برآمد ہو سکتے ہيں۔
نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق اپنے انٹرويو ميں سابق بھارتی کپتان کا مزيد کہنا تھا کہ لوگوں کو کچھ سبق سائيکلنگ کے کھيل ميں سامنے آنے والے ڈوپنگ اسکينڈل سے بھی سيکھنا چاہيے، جس سے اس کھيل کی ساکھ متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا، ’’سائيکلسٹس کو ٹيسٹ يا ڈوپنگ سے متعلق طبی معائنے کرنے والوں اور کھيل کی منتظم اتھارٹی سے خوف نہیں تھا بلکہ انہیں صرف اور صرف پوليس سے اور جيل جانے کا خوف تھا۔‘‘ راہول ڈریوڈ نے مزيد کہا کہ وہ واحد طريقہ جس کے ذريعے لوگوں ميں اس عمل کے خلاف خوف پيدا ہو سکتا ہے، يہ ہے کہ ميچ فکسنگ کو جرم قرار دے ديا جائے۔
واضح رہے کہ راہول ڈریوڈ بھارت کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ انڈين پريميئر ليگ کی ايک ٹيم راجھستان رائلز کے کپتان کی حيثيت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہيں۔ ان کی کپتانی کے دور میں اسپاٹ فکسنگ کا ايک اسکينڈل منظر عام پر آيا، جس سے انڈين پريميئر ليگ کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی اور رواں سال مئی ميں اس سلسلے ميں تين کھلاڑيوں کو حراست ميں بھی لے ليا گيا۔ تينوں کھلاڑيوں پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹورنامنٹ کے چھٹے ايڈيشن کے دوران دانستہ طور پر ناقص کارکرگی کا مظاہرہ کرنے کے ليے رقم وصول کی۔ تينوں کھلاڑی اپنے خلاف عائد کردہ الزامات کو رد کرتے ہيں۔ راہول ڈریوڈ اس کيس ميں ايک گواہ ہيں۔
گزشتہ سال ہی ٹيسٹ کرکٹ کو خيرباد کہنے والے ڈریوڈ نے اپنےکيريئر کے دوران 164 ميچ کھيلے، جن ميں انہوں نے تيرہ ہزار سے زائد رنز اسکور کيے۔ ڈریوڈ نے ايک روزہ کرکٹ ميں بھی بھارت کی قومی ٹيم کے ليے 344 ميچوں ميں قريب گيارہ ہزار رنز بنائے۔ وہ ايک انتہائی دلکش اور اسٹائلش بيٹسمين مانے جاتے تھے اور انہيں ان کی زبردست تکنيک کی بنياد پر ’دا وال‘ يعنی ديوار کے نام سے پکارا جاتا تھا۔