میلان میں ٹرین حادثہ، تین ہلاک، سو سے زائد زخمی
25 جنوری 2018جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے یہ بات مقامی حکومت کی خاتون ترجمان کے حوالے سے بتائی ہے۔ چھ بوگیوں پر مشتمل یہ ٹرین مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے کریمونا نامی شہر سے روانہ ہوئی جبکہ صبح سات بجے کے قریب یہ ٹرین پیوٹیلو نامی شہر کے قریب پٹری سے اُتر گئی۔ کریمونا شہر میلان سے 90 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
میلان کی نائب پولیس سربراہ کیارا امبروزیو نے میڈیا کو بتایا، ’’یہ ایسا وقت ہے جب زیادہ تر لوگ سفر کرتے ہیں اسی وجہ سے یہ ٹرین بھری ہوئی تھی۔‘‘
مقامی میڈیا کے مطابق امدادی اداروں کو حادثے کا شکار ہونے والی اس گاڑی سے ہلاک شدگان اور زخمیوں کو نکالنے میں قریب تین گھنٹے لگے۔ ٹیلی وژن پر دکھائی جانے والے مناظر میں زخمیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر قریبی ہسپتالوں تک منتقل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ڈی پی اے کے مطابق ٹیلی وژن فوٹیج میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ صرف درمیانی بوگیاں ہی پٹری سے اُتریں، جس کا مطلب ہے کہ یہ حادثے کی وجہ ریلوے سوئچ کی خرابی ہے۔
اس حادثے میں زخمی ہونے والے ایک مسافر نے مقامی میڈیا کو بتایا، ’’سب کچھ ٹھیک ٹھاک جا رہا تھا، اچانک ٹرین نے جھٹکے لینا شروع کر دیے، پھر ہم نے ایک زور دار آواز سنی اور بوگیاں پٹری سے اُتر گئیں۔‘‘
حادثے کے فوری بعد پولیس اور آگ بجھانے والے عملے کے علاوہ تفتیش کار بھی فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور انہوں نے حادثے کی وجہ جاننے کے لیے کی جانے والی تحقیقات کے سلسلے میں ٹرین کے ڈرائیور سے سوال وجواب کیے۔ اس حادثے کے بعد میلان سے مشرق کی طرف سے جانے والی لائن پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی۔
اٹلی میں گزشتہ ہلاکت خیز ٹرین حادثہ جولائی 2016 میں ہوا تھا جب دو ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ حادثہ اٹلی کے جنوب مشرقی شہر باری کے قریب پیش آیا تھا۔