میکسیکو: سالانہ کانگریس میں فیفا کی ساکھ کی بحالی کی کوششیں
13 مئی 2016جانی انفانٹینو کا انتخاب اس سال فروری میں عمل میں آیا تھا جب اُن کے پیش رو جوزف بلاٹر کو بد عنوانی کے متعدد معاملات میں ملوث ہونے کے الزامات کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑا تھا۔ انفانٹینو کی کوشش اب یہ ہے کہ پوری دنیا کی توجہ اسکینڈلز سے ہَٹ کر ایک بار پھر فٹ بال کے کھیل پر مرکوز ہو جائے۔
جمعرات تیرہ مئی کو میکسیکو سٹی میں فیفا کی سالانہ کانگریس کے افتتاح کے موقع پر انفانٹینو نے کہا:’’ہم دنیا کو یہ دکھا دیں گے کہ ہم اصلاحات، جمہوری عمل اور فٹ بال کی ترقی کے سلسلے میں سنجیدہ ہیں۔‘‘
فٹ بال کے منتظم اداروں پر عالمی رائے عامہ کے اعتماد کی بحالی کی کوششوں ہی کے سلسلے کی ایک کڑی یہ ہے کہ شمالی اور وسطی امریکی اور کیریبیئن فٹ بال کنفیڈریشن (CONCACAF) نے، جس کا کردار بدعنوانی کے الزامات کے حوالے سے مرکزی نوعیت کا تھا، اپنا ایک نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔ یہ ہیں، کینیڈین فٹ بال کے چیف وکٹر مونٹاگلیانی، جو پانچ سال کی مدت کے لیے CONCACAF کے چوتھے صدر بنے ہیں۔ اُن کے تین پیشروؤں کو بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے اور آخری صدر کو ابھی دسمبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔
دریں اثناء منگل کے روز فیفا کی نئی کونسل نے 2026ء کے ورلڈ کپ کے میزبان ملک کے انتخاب کے لیے اپنی کارروائی ایک بار پھر شروع کی۔ یہ کارروائی روس کو 2018ء کے اور قطر کو 2022ء کے ورلڈ کپ کے انعقاد کے حقوق دیے جانے کے عمل میں بد عنوانی کے دعووں کے بعد روک دی گئی تھی۔
در حقیقت عالمی فٹ بال بدستور اسکینڈلز کی زَد میں ہے۔ ابھی پیر کے روز انفانٹینو کے سابق باس مشیل پلاٹینی نے کہا کہ وہ یورپی فٹ بال تنظیم یوئیفا کی سربراہی سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ اُن پر الزام تھا کہ اُنہیں فیفا کی جانب سے دو ملین ڈالر کی مشکوک ادائیگی کی گئی ہے۔ اس الزام کے بعد اُنہیں فٹ بال کے حوالے سے کسی بھی طرح کی سرگرمی میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا جبکہ پلاٹینی نے اس پابندی کو ختم کروانے کی ناکام کوشش کی تھی۔
سالانہ کانگریس میں فیفا کی گورننگ باڈی اُن اصلاحات کی توثیق کرے گی، جن کی منظوری فروری میں ایک خصوصی کانگریس میں عمل میں آئی تھی۔ منظوری کے دو ماہ بعد ستائیس اپریل سے یہ اصلاحات، جن میں زیادہ شفافیت اور فیفا کے سربراہ کے بعد دوسرے اہم ترین عہدیدار یعنی سیکرٹری جنرل کے لیے زیادہ اختیارات کا ذکر کیا گیا ہے، نافذ ہو چکی ہیں۔