1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ناروے میں قتل عام کے ذمہ دار آندرس برییوک کی صلیبی جنگ

25 جولائی 2011

ناروے میں کم از کم 93 افراد کا قاتل آندرس بیہرنگ برییوک خود کو ایک پارسا صلیبی جنگجو تصورکرتا ہے، جس کا مشن یورپ کو اسلام کی بڑھتی ہوئی یلغار سے بچانا ہے۔

https://p.dw.com/p/1231B
تصویر: AP

آندرس کو جن الفاظ سے نفرت ہے ان میں کثیر الثقافتی معاشرہ بھی شامل ہے۔

ناروے میں بائیں بازو کے نوجوانوں کے سمر کیمپ میں خون کی ہولی کھیلنے اور سرکاری دفاتر کی عمارت کو بم حملے کا نشانہ بنانے والے 32 سالہ شخص سے کسی قسم کے اظہار ندامت کی توقع رکھنا عبث ہے۔

ہلاکت خیز مہم شروع کرنے سے چند روز قبل اس نے سرقہ شدہ مواد پر مبنی آن لائن منشور میں لکھا کہ قرون وسطٰی کے صلیبی جنگجوؤں کا نائٹس ٹیمپلر نامی آرڈر 2002 ء میں لندن میں دوبارہ وضع کیا گیا تھا۔

Mai Demonstrationen in Hamburg NDP
آندرس بیہرنگ کے خیال میں یورپی عیسائیت کو مارکس اور اسلام کے پیروکاروں کے گٹھ جوڑ سے بچانا ضروری ہے۔تصویر: picture-alliance / dpa

آندرس بیہرنگ، جو اس وقت دہشت گردی کے الزام میں پولیس کی حراست میں ہے، نے لکھا کہ اس آرڈر کا مقصد مقامی حقوق کی مسلح تنظیم اور صلیبی تحریک (جہاد مخالف تحریک) بنانا ہے۔ اس کا لکھنا تھا کہ ایک بار جب آپ نے حملہ کرنے کا فیصلہ کر لیا تو پھر ہر ممکن حد تک زیادہ سے زیادہ افراد کو موت کے گھاٹ اتارنا ضروری ہے ورنہ حملے کا مطلوبہ نظریاتی اثر کمزور پڑ جائے گا۔

اس کی تحریر سے اس کے ذہن کی عکاسی ہوتی ہے، جس پر جنگجویانہ تصوراتی کمپیوٹرکھیلوں کا رنگ چڑھا ہوا ہے۔ اس نے لکھا کہ اس نے دو فیس بک اکاؤنٹس کے ذریعے ہزاروں افراد کو اپنا منشور بھیجا۔

خدا کے سامنے دعا

اس کا کہنا ہے کہ اس نے11 جون کو پہلی بار خدا کے سامنے دعا کی کہ اگر وہ مارکس اور اسلام کے پیروکاروں کے گٹھ جوڑ کو یورپ پر قبضہ جمانے اور عیسائیت کو مٹنے نہیں دینا چاہتا تو اسے یورپی عیسائیت کو فتح دلانے کے لیے برسر پیکار جنگجوؤں کی مدد کو یقینی بنانا ہوگا۔ دو روز بعد اس نے دور دراز علاقے میں ایک بم کا تجربہ کیا، جو کامیاب رہا۔

Kinder aus dem Friedensdorf in Oberhausen
آندرس کو جن الفاظ سے نفرت ہے ان میں کثیر الثقافتی معاشرہ بھی شامل ہے۔تصویر: picture-alliance/ dpa/dpaweb

پندرہ سو صفحات پر مبنی دستاویز کے بیشتر حصے دیگر دائیں بازو اور اسلام مخالف دستاویزات سے نقل کر کے لگائے گئے ہیں۔

برییوک کا کہنا ہے کہ وہ ایسے تارکین وطن کے خلاف نہیں، جو معاشرے میں ضم ہونا چاہتے ہیں اور اس کا غصہ یورپ کی آزاد خیال سیاسی مقتدرہ پر ہے، جو اس کے نزدیک یورپ کی تباہی کو فروغ دے رہی ہے۔ برییوک نے لکھا ہے کہ اس کی سوچ میں بڑی تبدیلی1999ء میں کوسووو تنازعے میں سربیا پر بمباری کے نیٹو آپریشن میں ناروے کی شمولیت کے بعد آئی۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں