1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نامیاتی کوڑا، ٹھکانے لگانے کے لیے پاکستانی طالبہ کا منصوبہ

عنبرین فاطمہ20 مارچ 2014

حال ہی میں ایک پاکستانی طالبہ نے ایک مقالہ پیش کیا ہے جس کے تحت آرگینک ویسٹ کو ٹھکانے لگانے کے لیے ایسا طریقہ تجویز کیا گیا ہے جو ماحولیاتی آلودگی پر بڑی حد تک قابو پانے کی وجہ بن سکتا ہےا۔

https://p.dw.com/p/1BTFl
تصویر: picture-alliance/ZB

اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے تعاون سے پاکستان میں چلنے والے پروگرام گلوبل پارٹنرشپ آن سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی رپورٹ کے مطابق ملک میں کوڑے کو مناسب انداز سے ٹھکانے نہیں لگایا جا رہا اور جو طریقہ کار استعمال ہوتا ہے، وہ آلودگی میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔

کراچی جیسے بڑے شہر میں جہاں کی آبادی دو کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے، وہاں سات سے آٹھ ہزار میڑک ٹن سالڈ ویسٹ روزانہ کی بنیاد پر پیدا ہوتا ہے۔ ایسے میں کوڑے کو ٹھکانے لگانا میونسپل اداروں کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہے۔ صرف کراچی ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں سب سے زیادہ کوڑا آرگینک ویسٹ یا گھروں سے نکلنے والے کچرے پر مشتمل ہوتا ہے جسے دوبارہ استعمال کے قابل نہیں بنایا جاتا اور اسے ٹھکانے لگانے کا عمل بھی مناسب انداز میں نہیں کیا جاتا۔

آرگینک ویسٹ کو کمپوسٹ یا قدرتی کھاد میں تبدیل کر کے ماحول دوست فرٹیلائزر تخلیق کیا جا سکتا ہے
آرگینک ویسٹ کو کمپوسٹ یا قدرتی کھاد میں تبدیل کر کے ماحول دوست فرٹیلائزر تخلیق کیا جا سکتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

آرگینک ویسٹ جراثیم کے باعث میتھین گیس کے اخراج کا سبب بنتا ہے۔ میتھین گیس ان گرین ہاؤس گیسوں میں سے ایک ہے جن کے باعث گلوبل وارمنگ یا عالمی حدت میں اضافہ ہوتا ہے۔

کراچی میں شہری ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر فرحان انور کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ نور مہدی نے برطانیہ کی لیورپول یونیورسٹی میں اپنے ایم ایس سی کے لیے جو مقالہ پیش کیا ہے اس سے شہر میں مقامی سطح پر آرگینک ویسٹ کو ٹھکانے لگانے میں کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا، ’’کراچی میں ابھی بھی جو کوڑا ہےاس میں تناسب کے لحاظ سے آرگینک ویسٹ سب سے زیادہ ہے۔ اور اس کی کوئی ری سائکلنگ بھی نہیں ہو رہی ہے۔ جو ہو رہی ہے وہ غیر نامیاتی ویسٹ کی ہو رہی ہے۔ یہ اتنا بڑا وسائل ہے جو ضائع جا رہا ہے تو نور کا جو مقالہ ہے وہ اس کو ضائع ہونے سے بچانے پر ہے۔‘‘

فرحان انور کے مطابق نور مہدی نے کراچی آکر ان کی تنظیم کے ساتھ جو سروے اور ریسرچ کی اس کے مطابق اگر شہروں سے اکٹھا ہونے والے آرگینک ویسٹ سے کھاد تیار کی جائے اور اسی کاشتکاری کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ ماحول دوست ہونے کے ساتھ شہری حکومت اور میونسپل اداروں کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے، ’’ اس میں یہ بتایا گیا ہے کہ آرگینک ویسٹ کو کس طرح بہترین انداز میں ٹھکانے لگایا جا سکتا ہے۔ ہم نے اس خیال پر کام کیا کہ کیوں نہ آرگینک ویسٹ کی منیجمنٹ کو جوڑ دیں آرگینک فارمنگ اور کاشتکاری سے۔ پھر اس میں کمپوسٹنگ کا معاملہ بھی آگیا کہ کس طرح ہم اسے کمپوسٹ یا قدرتی کھاد میں تبدیل کر کے ماحول دوست فرٹیلائزر تخلیق کرسکتے ہیں۔ پھر محلے اور بعد میں شہر کی سطح پر اس عمل کو بڑھائیں یعنی آرگینک فارمنگ کی جانب کمیونٹی کی سطح پر توجہ دلائیں۔ اس طرح سے کمیونٹی کی سطح پر آرگینک کوڑا بھی کم پیدا ہو گا۔‘‘

کراچی میں سات سے آٹھ ہزار میڑک ٹن سالڈ ویسٹ روزانہ کی بنیاد پر پیدا ہوتا ہے
کراچی میں سات سے آٹھ ہزار میڑک ٹن سالڈ ویسٹ روزانہ کی بنیاد پر پیدا ہوتا ہےتصویر: DW/S. Schlindwein

فرحان انور کے مطابق ارگینک ویسٹ کو شہری سطح پر ٹھکانے لگانے سے نہ صرف سالڈ ویسٹ مناسب طور ٹھکانے لگ سکے گا بلکہ روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے مثلاً کھاد بنانے اور بیچنے کا کاروبار۔ انہوں نےبتایا کہ ریسرچ کے دوران یہ بھی محسوس کیا گیا کہ میونسپل کی سطح پر کوڑے کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگانے کا کام غیر تسلی بخش اور کئی مشکلات کا شکار ہے۔ تاہم اگر حکومت آرگینک ویسٹ کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگانے کے لیے اسے کاشتکاری میں استعمال کرے تو یہ مسائل حل ہو سکتے ہیں لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ اس کام کو سنجیدگی سے دیکھا جائے۔ فرحان انور کا مزید کہنا تھا، ’’بنیادی طور پر یہ کام حکومت کو کرنا چاہیے لیکن اگر حکومت خود نہیں کر رہی تو وہ اتنی سہولت دے کہ اگر شہر کی سطح پر اس قسم کی چیزیں شروع کی جائیں تو کوئی کمپوسٹ پلانٹ بنا دے کیونکہ جو سارا آرگینک ویسٹ نکلتا ہے وہ لینڈ فل سائٹ پر علیحدہ کرے کمپوسٹ پلانٹ کو بھیجے جہاں کھاد بنائی جائے جو شہر کی ہریالی میں استعمال کیا جائے۔ لیکن ہماری حکومت کا جو حال ہے وہ تو سب جانتے ہیں ۔ اس لیے ہم نے مقامی سطح پر شہریوں کو شامل کر کے اس پراجیکٹ کو دیکھا ہے اور اگر شہری اس میں دلچسپی لیں تو یہ پراجیکٹ قابل عمل ہو سکتاہے۔‘‘

آرگینک ویسٹ کی فارمنگ کے فوائد کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ امریکی آرگینک ٹریڈ ایسوسی ایشن کے مطابق اگر صرف امریکا میں ہی تمام کاشتکار آرگینک فارمنگ کی جانب متوجہ ہو جائیں تو ماحول میں شامل ہوجانے والی سالانہ پانچ ملین پاؤنڈ جراثیم کش ادویات سے چھٹکارا مل سکتا ہے جو ماحولیاتی آلودگی میں بڑی کمی کا سبب بن سکتا ہے۔