1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ننانوے ناٹ آؤٹ، پاکستان کی کامیابی کا سبب‘

25 اپریل 2017

تین میچوں کی سیریز کے سلسلے میں کنگسٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر اس سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کو یہ میچ جتنے کے لیے صرف بتیس رنز کا ہدف ملا تھا۔

https://p.dw.com/p/2bunV
Pakistan Misbah-ul-Haq Cricket Spieler
تصویر: Imago/BPI

بتیس رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم جلد ہی اپنے اوپنرز سے محروم ہو گئی۔ اظہر علی ایک رن بنا سکے جبکہ احمد شہزاد چھ کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔  چوبیس کے مجموعی اسکور پر یونس خان بھی بشو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ تاہم بابر اعظم محتاط طریقے سے کھیلتے رہے۔ یونس خان کے بعد جب مصباح الحق کریز پر آئے تو انہوں نے دو مسلسل چھکوں کی مدد سے پاکستان کو کامیابی دلوا دی۔

جمیکا کے سبائنا پارک میں پانچویں دن ویسٹ انڈیز کی تمام ٹیم صرف ایک سو باون رنز بنا کر ہی ڈھیر ہو گئی۔ اس اننگز میں یاسر شاہ نے انتہائی عمدہ کارکردگی دکھائی اور چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔  مجموعی طور پر انہوں نے اس ٹیسٹ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے محمد عباس نے دو جبکہ محمد عامر اور وہاب ریاض کو ایک ایک وکٹ ملی۔

یونس خان کے 10 ہزار رنز، دیر آید درست آید

ویسٹ انڈیز میں پہلی سیریز جیتنے کی مراد برآئے گی؟

اتنی کامیابیوں کا کبھی سوچا نہ تھا، مصباح الحق کی ڈی ڈبلیو سے خصوصی بات چیت

ویسٹ انڈیز کی طرف سے نمایاں بلے باز کیران پاؤل رہے، جنہوں نے انچاس رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔ قبل ازیں پاکستانی ٹیم نے اپنی اننگز میں 407 رنز بنائے تھے، جس میں کپتان مصباح الحق کی ناقابل شکست ننانوے رنز کی اننگز بھی شامل تھی۔ یوں وہ پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں، جو ٹیسٹ میچ میں ننانوے ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز 286  رنز بنائے تھے یوں اسے دوسری اننگز کے آغاز پر ہی 121 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔ پہلی اننگز میں پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ یاسر شاہ کے حصے میں صرف دو وکٹیں ہی آئی تھیں۔

اس ٹیسٹ میچ کی ایک خاص بات یہ بھی رہی کہ یونس خان ٹیسٹ کیریئر میں دس ہزار رنز مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ پہلی اننگز میں انہوں نے اٹھاون رنز بنائے تھے۔ اس کے علاوہ بابر اعظم کے بہتر اور سرفراز احمد کے چون رنزوں نے بھی پاکستان کی جیت کو یقینی بنانے میں اہم کردار کیا۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں دوسرا ٹیسٹ میچ تیس اپریل سے بریج ٹاؤن میں شروع ہو گا۔ پاکستانی ٹیم اس دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سریز میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔