1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نکولس کی دھواں دار بیٹنگ، پہلا ون ڈے نیوزی لینڈ کے نام

عاطف بلوچ25 جنوری 2016

نیوزی لینڈ نے ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 70 رنز سے شکست دے کر تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1HjIF
Neuseeland T20 Cricket Pakistan vs Neuseeland
تصویر: Getty Images/M. Hunter

پچیس جنوری کو نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں کیوی بلے باز ہنری نکولس نے اپنی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان کے لیے ہدف 281 تک پہنچا دیا۔ اس دوران پاکستانی فیلڈرز نے کیچ بھی چھوڑے اور نیوزی لینڈ کو کم اسکور پر آؤٹ کرنے کا موقع بھی گنوا دیا۔

پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دو سو اکاسی رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستانی بلے باز 210 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئے۔ پاکستان کی طرف سے نمایاں بلے باز بابر اعظم رہے، جنہوں نے باسٹھ رنز کی انفرادی اننگز کھیلی۔

دیگر نمایاں بلے بازوں میں محمد حفیظ اور سرفراز احمد رہے، جنہوں نے بالترتیب بیالیس اور تیس رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے چار جبکہ گرانٹ ایلیٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے آغاز میں پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور نیوزی لینڈ کے ابتدائی چھ بلے باز صرف 99 رنز پر ہی پویلین لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔ تاہم بعد ازاں ہنری نکولس اور میچل سینٹنر نے انتہائی اعلیٰ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا مجموعی اسکور 280 تک پہنچا دیا۔

یہ امر اہم ہے کہ نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کے سات بلے بازوں میں سے چھ صرف 47 رنز کی شراکت کر سکے۔ میچ کے بعد اس تناطر میں پاکستانی قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے میڈیا کو بتایا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ایک چھوٹے اسکور پر آؤٹ کرنا ممکن تھا، ’’اگر ایمانداری سے بات کی جائے تو نیوزی لینڈ کو 200 پر آؤٹ کیا جا سکتا تھا۔‘‘

گرانٹ فلاور نے مزید کہا، ’’پاکستانی بولرز کی شارٹ بولز کرانے کی حکمت عملی کامیاب رہی لیکن یہ کچھ زیادہ ہی کر دی گئیں۔ میرے خیال میں ہم نے یارکرز کم کیے۔‘‘ جب نیوزی لینڈ کے مجموعی اسکور 99 پر چھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے تو معلوم ہو رہا تھا کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دو سو سے کم اسکور پر ہی آؤٹ ہو جائے گی۔

Neuseeland T20 Cricket Pakistan vs Neuseeland
نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کے سات بلے بازوں میں سے چھ صرف 47 رنز کی شراکت کر سکےتصویر: Getty Images/M. Hunter

اس میچ کے ’مین آف دی میچ‘ ہنری نکولس کو زخمی کھلاڑی راس ٹیلر کی جگہ موقع ملا تھا۔ اگر راس ٹیلر زخمی نہ ہوتے تو انہیں اس میچ میں شرکت کا موقع نہیں ملنا تھا۔ نکولس نے اپنی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے بعد ازاں میڈیا کو بتایا، ’’مجھے خوشی ہے کہ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوا۔‘‘ محمد حفیظ نے نکولس کا ایک کیچ اس وقت ڈراپ کیا تھا، جب وہ صرف پندرہ رنز پر کھیل رہے تھے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں تین ایک روزہ میچوں کی اس سیریز کا دوسرا میچ نیپیئر میں اٹھائیس جنوری کو کھیلیں گی جبکہ تیسرا اور آخری میچ اکتیس جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید