نیپال میں شدید زلزلہ: سینکڑوں ہلاک، مزید ہلاکتوں کا خدشہ
25 اپریل 2015نیپالی دارالحکومت کھٹمنڈو کے مغرب میں آنے والے اس شدید زلزلے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور درجنوں عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق اس زلزلے کے بعد عمارتیں گرنے کی وجہ سے پورا شہر گرد کی لپیٹ میں آ گیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کھٹمنڈو شہر کی گنجان آبادی، وہاں ہونے والی تباہی، عمارات کے انہدام اور تنگ گلیوں کی وجہ سے متاثرہ جگہوں تک رسائی کے مسائل کے تناظر میں کہا جا سکتا ہے کہ ہلاک شدگان کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
سن 1934ء میں ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے کے دامن میں آباد اس ملک میں آنے والے 8.3 کی شدت کے زلزلے میں ساڑھے آٹھ ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
روئٹرز کے مطابق کھٹمنڈو کے مرکزی ہسپتال میں متعدد زخمیوں کو لایا گیا ہے، جب کی ٹانگیں اور بازو ٹوٹے ہوئے ہیں۔ فی الحال یہ بھی واضح نہیں کہ اس زلزلے کے نتیجے میں مجموعی طور پر کتنے افراد زخمی ہوئے۔
نیپالی میڈیا کے مطابق اس زلزلے کے نتیجے میں کھٹمنڈو شہر میں واقع 19ویں صدی کا ایک تاریخی ٹاور بھی منہدم ہو گیا ہے۔ دھرارا ٹاور سن 1832 میں تعمیر کیا گیا تھا اور دس برس قبل اسے سیاحوں کے لیے کھولا گیا تھا، جس کی آٹھویں منزل میں ایک بالکونی سے شہر کو دیکھنے ہزاروں افراد آتے تھے۔ روئٹرز کے مطابق اس ٹاور کے ملبے سے بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
نیپال کا یہ قدیم شہر لکڑی سے تعمیر کیے گئے ہندو مندروں کی وجہ سے مشہور رہا ہے۔ انٹرنیٹ پر پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں، کئی عمارتوں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں جب کہ لوگ اپنے بچوں کے ہمراہ کھلے آسمان تلے دکھائی دے رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس کے جھٹکے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سمیت شمالی بھارت میں بھی محسوس کیے گئے۔
امریکی ارضیاتی سروے نے اس زلزلے کی شدت ابتدا میں سات اعشاریہ سات بتائی تھی، تاہم بعد میں اسے بڑھا کر سات اعشاریہ نو بتایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ زلزلہ کھٹمنڈو کے مغرب میں واقع شہر پوکھارا سے 80 کلومیٹر کے فاصلے پر زمین میں دو کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔