والدین نے آئی فون کے لیے آٹھ ماہ کے بیٹے کو بیچ دیا
28 جولائی 2023یہ دردناک واقعہ بھارتی صوبے مغربی بنگال کے چوبیس پرگنہ ضلعے میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق جئے دیو اور اس کی اہلیہ ساتھی گھوش نے اپنے آٹھ ماہ کے بیٹے کو اس لیے فروخت کردیا کہ اس سے ملنے والی رقم سے آئی فون 14خرید سکیں اور ریاست بھر کا سفر کرنے کے دوران انسٹا گرام ریل بناسکیں۔
پولیس کے مطابق اس واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد ساتھی گھوش کو گرفتار کرلیا گیا ہے لیکن اس کا شوہر جئے دیو فرار ہے اور پولیس اس کی تلاش میں ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ اس جوڑے اور بچے کو خریدنے والی ایک خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید کارروائی کی جارہی ہے۔
معاملے کا پتہ کیسے چلا
یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب جئے دیو اور ساتھی گھوش کے رویے پران کے پڑوسیوں کو شبہ ہوا۔ انہوں نے دیکھا کہ ان دونوں کا آٹھ ماہ کا بیٹا پچھلے کچھ دنوں سے لاپتہ تھا لیکن اس کے باوجود اس جوڑے کے چہرے پر کسی طرح کی پریشانی دکھائی نہیں دے رہی تھی بلکہ یہ دونوں مطمئن نظر آرہے تھے۔
اس کے علاوہ دونوں نے اپنے پڑوسیوں کو ایک نیا آئی فون 14 دکھایا جس کی قیمت تقریباً70000روپے تھی۔ چونکہ ان دنوں کی آمدنی بہت معمولی ہے اور ماضی میں یہ مالی مشکلات سے دوچار بھی رہ چکے تھے ایسے میں ان کے پاس آئی فون14 کی موجودگی نے پڑوسیوں کو شبہے میں ڈال دیا۔
بھارت: جادو ٹونے کے الزام میں ماں اور بچوں کا قتل
کچھ لوگوں نے اس بارے میں مقامی کاونسلر تارک گوہا کو اطلاع دی، جنہوں نے پولیس کو اس کی تفتیش کرنے کے لیے کہا۔
پولیس کی پوچھ گچھ میں ماں ساتھی گھوش نے اعتراف کرلیا کہ اس نے آئی فون کے لیے اپنے بچے کو بیچ دیا ہے۔
پوچھ گچھ کے دوران اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ اس جوڑے نے اس سے قبل اپنی سات سالہ بیٹی کو بھی فروخت کرنے کی کوشش کی تھی۔
بھارت: زیادہ بچے پیدا کرنے پر انعام کا اعلان
پولیس نے جوڑے کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے۔ جس عورت نے بچے کو خریدا تھا اس کے خلاف بھی انسانی اسمگلنگ کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔