ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے پانچ نئے کھلاڑیوں کا انتخاب
10 فروری 2016بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے فاسٹ بولر رومان رئیس اور آل راونڈر محمد نواز کی ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی کی وجہ سے انہیں ایشیا کپ کے لیے بھی پندرہ رکنی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ چوبیس فروری تا چھ مارچ بنگلہ دیش میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیم کا انتخاب پرفارمنس کومدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، ’’اس ٹیم کا انتخاب ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی کنڈشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے اور کھلاڑیوں کی پرفارنس کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔‘‘
ہارون رشید کے مطابق ٹیم میں سنیئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ وہ آئندہ ٹورنامنٹس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
سلیکشن کمیٹی نے احمد شہزاد کے علاوہ فاسٹ بولر عمر گل کو بھی نظر انداز کر دیا ہے۔ عمر گل اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے دوسرے بولر ہیں۔ تاہم وہ آج کل فٹنس کے مسائل سے دوچار ہیں۔
احمد شہزاد کی جگہ خرم منظور کو چنا گیا ہے۔ انہوں نے سولہ ٹیسٹ میچوں کے علاوہ سات ایک روزہ میچوں میں پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی ہے لیکن ابھی تک وہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کے لیے منتخب نہیں کیے گئے تھے۔
بابر اعظم اور افتخار احمد کو بھی حالیہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس میں شرکت کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ یہ دونوں بھی اگرچہ ون ڈے میچوں میں اپنی کارکردگی کا لوہا منوا چکے ہیں تاہم ابھی تک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں شرکت سے محروم رہے ہیں۔
پاکستان اسکواڈ
کپتان: شاہد آفریدی۔ محمد حفیظ، شعیب ملک، عمر اکمل، سرفراز احمد، بابر اعظم، افتخار احمد، عماد وسیم، انور علی، محمد عرفان، وہاب ریاض، محمد عامر، محمد نواز، خرم منظور اور رومان رئیس۔