ورلڈ کپ کرکٹ کا رنگا رنگ افتتاح
جمعرات بارہ فروری کو نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ اور آسٹریلیا میں ملبورن کے مقام پر ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی شاندار افتتاحی تقاریب منعقد ہوئیں۔ یہ ٹورنامنٹ چَودہ فروری سے لے کر اُنتیس مارچ تک جاری رہے گا۔
کرکٹر کی شکل کا پتلا
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کی ملبورن کے سڈنی مائر میوزک باؤل میں منعقدہ تقریب میں ایک کرکٹر کی شکل کا یہ دیو ہیکل پتلا بھی اسٹیج پر لایا گیا، جس نے ایک علامتی گیند کو ہِٹ لگا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں پہلا میچ چَودہ فروری کو میزبان آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔
پاکستانی پرچم لہراتے بچے
سڈنی مائر میوزک بول نامی ہال میں پاکستانی گلوکاروں نے اسٹیج پر ’ہے جذبہ جنون تو ہمت نہ ہار‘ گاتے ہوئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ہمت بندھائی، جو ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ اتوار پندرہ فروری کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ اس موقع پر بچے اسٹیج پر پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے رقصاں رہے۔
مداح ’پاکستان ہے ہمارا‘ گاتے ہوئے
جس وقت اسٹیج پر ’پاکستان ہے ہمارا، پاکستان ہے تمہارا‘ گایا جا رہا تھا، اُس وقت حاضرین میں پاکستانی مداحوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی، جس نے گلوکاروں کے ہم آواز ہو کر یہ گیت گایا۔
کپتان کے کندھوں پر بھاری بوجھ
ملبورن میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے موقع پر جہاں دیگر ٹیموں کے کپتان اسٹیج پر آئے، وہیں پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بھی آکر مہمانوں کی جانب ہاتھ ہلائے۔ مصباح کے کندھوں پر بھاری ذمے داری ہے، آنے والے دنوں میں اُن کی اور اُن کی ٹیم کی کارکردگی کو کروڑوں لوگ اپنی ٹی وی اسکرینوں پر بھی دیکھیں گے۔
دھونی اسٹیج کی طرف جاتے ہوئے
ملبورن کے سڈنی مائر میوزک بول میں منعقدہ تقریب میں اسٹیج پر جانے کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی حاضرین میں سے راستہ بناتے ہوئے جا رہے ہیں۔ بھارت کا پہلا میچ پندرہ فروری اتوار کو پاکستان کے ساتھ ایڈیے لیڈ اوول میں ہو گا۔
ترنگا لہراتے بھارتی مداح
آسٹریلیا میں افتتاحی تقریب سڈنی مائر میوزک بول نامی ہال میں ہوئی۔ اس تصویر میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے مداح اپنی ٹیم کی حمایت میں بھارتی پرچم لہرا رہے ہیں۔
سری لنکا کرکٹ کے ہیرو
نیوزی لینڈ میں بارہ فروری کی تقریب کے دوران ہیگلے پارک میں اسٹیج پر سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے سٹار کھلاڑی حاضرین کی تالیوں کا جواب دے رہے ہیں۔ ہفتہ چَودہ فروری کو ہیگلے اوول ہی میں افتتاحی میچ سری لنکا اور میزبان نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ کے قدیم مقامی باشندے
ماؤری وہ قدیم باشندے ہیں، جو نیوزی لینڈ میں قدیم زمانوں سے رہتے چلے آ رہے تھے۔ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے پارک میں منعقدہ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں ماؤری اپنے روایتی رقص کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
زمبابوے کی ٹیم کے کھلاڑی
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں افتتاحی تقریب ہیگلے پارک میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر افریقی ملک زمبابوے کی ٹیم تقریب کے مہمانوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلا رہے ہیں۔ زمبابوے کی ٹیم اپنا پہلا میچ اتوار پندرہ فروری کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔
اسٹیج پر پرچموں کی بہار
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے پارک کے اسٹیج پر اُن چَودہ ممالک کے پرچم لہرائے جا رہے ہیں، جو اس ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے اسی شہر میں 2011ء میں آنے والے زلزلے کے باعث 185 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
نیوزی لینڈ کا میوزک گروپ
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے پارک میں منعقدہ رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں نیوزی لینڈ کے دو بھائیوں اور اُن کے ایک کزن پر مشتمل گروپ ’سولے میو‘ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
نیوزی لینڈ بینڈ کی دھنیں
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے پارک میں نیوزی لینڈ کے آرمی بینڈ نے خوبصورت دھنیں بجاتے ہوئے حاضرین کو محظوظ کیا۔