1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ کوالیفائنگ: جرمنی کی جیت

عابد حسین7 ستمبر 2013

جمعے کے روز جرمن فٹ بال ٹیم نے آسٹریا کو تین گول سے شکست دے کر اگلے سال کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات کو روشن کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/19dLv
تصویر: Patrik Stollarz/AFP/Getty Images

جرمن شہر میونخ کے آلیانس ایرینا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جرمن ٹیم نے آسٹریا کو بے بس کر دیا۔ دونوں ہاف میں جرمن کھلاڑيوں نے عمدہ تال میل اور مہارت کا ثبوت دیا۔ آسٹریا کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی جبکہ اسی دوران میزبان ٹیم کی جانب سے تین گول کیے گئے۔ میدان میں 68 ہزار شائقین موجود تھے۔ جرمنی کے ليے پہلا گول میرو سلاو کلوزے نے پہلے ہاف میں کیا اور بقیہ دو گول دوسرے ہاف میں کیے گئے۔

ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے کے لیے بنائے گئے گروپ سی میں جرمن ٹیم کو رکھا گیا ہے۔ اس گروپ میں جرمن ٹیم اس وقت ٹاپ پوزیشن پر ہے اور اسے اپنے گروپ میں قریب ترین ٹیم پر پانچ پوائنٹس کی سبقت حاصل ہے۔ ابھی حتمی طور پر کوالیفائی کرنے کے لیے جرمن ٹیم کو مزید تین میچ کھیلنے ہیں۔ اگلے منگل کو جرمن ٹیم گروپ سی میں سب سے نچلی پوزیشن کی ٹیم فیرو آئلینڈز (Faroe Islands) سے میچ کھیلنے ان جزائر کے دارالحکومت تورشاون جائے گی۔ فیرو آئلینڈز بحیرہ ناروے میں واقع جزائر ہيں۔

Fußball WM-Qualifikation Nordirland Portugal
پرتگال نے شمالی آئر لینڈ کی ٹیم کو ہرایاتصویر: Peter Muhly/AFP/Getty Images

آسٹریا کے خلاف کھیلے جانے والے اس میچ میں معروف جرمن فارورڈ کھلاڑی میروسلاو کلوزے نے جرمنی کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹ بالر گیرڈ مُؤلر (Gerd Mueller) کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ مُؤلر نے جرمنی کے لیے کُل 68 گول کیے تھے اور انہوں نے یہ گول صرف 62 میچوں میں کیے تھے۔ دوسری جانب کلوزے کو 68 گول کرنے کے لیے 129 میچ کھیلنا پڑے۔ مُؤلر نے آخری بار جرمنی کے لیے گول سن 1974میں کیا تھا۔ مُؤلر نے سن 1974 کے فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں ہالینڈ کے خلاف جیت کا باعث بننے والا اہم گول کیا تھا۔

میونخ شہر میں کھیلا جانے والا يہ میچ ایک اور وجہ سے بھی اہم تھا اور اِس کی وجہ یہ تھی کہ آسٹریا کے خلاف کھیلا گیا يہ میچ جرمن ٹیم کے کپتان فلپ لہم کا اپنے ملک کے لیے ایک سوواں میچ تھا۔ اس طرح وہ جرمنی کی فٹ بال فیڈریشن کے آٹھویں فٹ بالر ہیں جن کو ايک سو ميچوں ميں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

گروپ سی میں دوسری پوزیشن سویڈن کی ہے اور آسٹریا تیسرے مقام پر ہے۔ جمعے کے روز کھیلے جانے والے مختلف میچوں کے بعد اسپین اور اٹلی بھی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی دہلیز پر پہنچ گئے ہیں۔ ہسپانوی ٹیم نے فن لینڈ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ فرانسیسی ٹیم کا جورجیا کے ساتھ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ اٹلی نے بلغاریہ کو ایک گول سے شکست دی۔ پرتگال نے بھی اپنے گروپ میں شمالی آئرلینڈ کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔