وٹامن ای کا اضافی استعمال اوسٹیوپوروسز کا موجب
5 مارچ 2012جاپان میں طبی ماہرین نے ایک ایسی تحقیق کی ہے جس میں فوڈ سپلیمنٹس کے استعمال پر روشنی ڈالنے میں غیر معمولی مدد ملے گی۔ ان سائنسدانوں نے اپنی ریسرچ میں پتہ چلایا ہے کہ تیزی سے پھیلنے والی ہڈیوں کی بیماری اوسٹیوپوروسز کا تعلق وٹامن E کے اضافی استعمال سے ہے۔ اس عارضے کے شکار افراد کی ہڈیاں کمزور ہونا شروع ہو جاتی ہیں، یہاں تک کہ ہڈیوں کی بافتوں کا ضیاع چھوٹی ہڈیوں کی شکست و ریخت پر منتج ہو سکتا ہے۔
سائنسدانوں نے یہ تجربہ چوہوں پر کیا۔ چوہوں کو وٹامن ای کی اتنی ہی اضافی خوراک دی گئی جتنی کہ کسی فوڈ سپلیمنٹ میں ہوتی ہے۔ ماہرین کو پتہ یہ چلا کہ اضافی وٹامن E کے سبب چوہوں کی ہڈیاں سوکھنا شروع ہو گئیں۔ ایسے چوہوں کو آٹھ ہفتے تک ان کی معمول کی غذا میں پائے جانے والے وٹامن E کی مقدار سے کہیں زیادہ یعنی سپلیمنٹ کی مقدار کے برابر وٹامن ای دیا جاتا رہا۔ اس کے نتیجے میں ان چوہوں کو اوسٹیوپوروسز یا ہڈیوں کی بافتوں کے ضیاع کا عارضہ لاحق ہو گیا۔ اس تحقیق سے متعلق رپورٹ نیچر میڈیسن نامی تحقیقی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔
ماہرین کی ٹیم کے سربراہ اور کائیو یونیورسٹی کے ایک طبی محقق شو تاکیدا کا کہنا ہے کہ وٹامن ای ہڈیوں کو برباد کرنے والے خلیوں کی پیدائش کے عمل کو بہت تیز کر دیتا ہے۔ عام طور پر وٹامن ای ہڈیوں کی ساخت بنانے والے ان سیلز کی پیدائش میں مدد گار ثابت ہوتا ہے جو ہڈیوں کو مضبوط رکھتے ہیں۔
اوسٹیوپوروسز کے عارضے میں ہڈیوں کے ٹشوز یا بافتے پتلے ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ہڈیاں کھوکھلی ہونے لگتی ہیں۔ ایسا زیادہ تر معمر افراد کے ساتھ ہوتا ہے، خاص طور سے خواتین میں یہ مرض تیزی سے شدت پکڑتا ہے یہاں تک کہ ان کی ہڈیاں ٹوٹنے کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔
وٹامن ای قدرتی طور پر مختلف غذاؤں میں پایا جاتا ہے۔ ان میں ویجیٹیبل آئل، مختلف قسم کے جوس یا بادام اور پتے والی چند سبزیاں بھی شامل ہیں۔ اس وٹامن کو بہت سے مقبول ہیلتھ سپلیمنٹس میں بھی استعمال کیا جاتا ہے اور ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ صحت افزا ہیں اور صحت کے گونا گوں مسائل، خاص طور سے ڈھلتی ہوئی عمر کے اثرات کو روکنے میں مدد دیتے ہیں۔
جاپانی محققین نے وٹامن ای کے بڑھی ہوئی مقدار اور اس کے انسانی صحت پر اثرات سے متعلق مزید تحقیق کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
رپورٹ: کشور مصطفیٰ / خبر رساں ادارے
ادارت: مقبول ملک