1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحت

ویزا حاصل کرنا ہے تو سوشل میڈیا معلومات بھی فراہم کریں

3 جون 2017

امریکا ویزا حاصل کرنے والوں کی جانچ پڑتال کے لیے مختلف طریقے استعمال کرتا ہے۔ اب حکام نے ویزا درخواست دہندگان کا مذہبی یا سیاسی رجحان جاننے کے لیے ان سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ شروع کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2e4uS
Symbolbild zu strengen Einreisekontrollen in die USA
تصویر: picture alliance/dpa/blickwinkel/McPHOTO

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ہے کہ سوشل میڈیا کوائف حاصل کرنے کا عمل پچیس مئی سے شروع کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا فی الحال سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات صرف ان سے طلب کی جاتی ہیں، جو امریکا کے لیے کسی بھی قسم کا خطرہ بن سکتے ہیں۔

شہری آزادیوں کی وکالت کرنے والی تنظیمیں اور شخصیات اس حوالے سے پہلے ہی اپنے خدشات کا اظہار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات ان لوگوں کے لیے بھی تکلیف کا باعث بنیں گے، جو کسی بھی لحاظ سے خطرہ نہیں ہیں لیکن مختلف سیاسی یا پھر مختلف مذہبی خیالات رکھتے ہیں۔

امریکی حکومت کی طرف سے یہ اقدام ایک ایسے وقت میں اٹھایا جا رہا ہے، جب چھ مسلم ممالک سے آنے والے تمام افراد پر پابندی عائد کرنے کا نیا قانون متعارف کروایا جا چکا ہے اور اس کے خلاف عدالتی فیصلے بھی آ چکے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ نے ماتحت عدالتوں کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

چھ مارچ کی دستاویز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں داخل ہونے والوں کے لیے سخت جانچ پڑتال کا عمل متعارف کروانے کا کہا تھا اور اس میں ویزا اپلائی کرنے والوں کے آن لائن رویے کو جانچنا بھی شامل ہے۔

وزارت خارجہ کی اہلکار کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا، ’’اب ویزا درخواست دہندگان سے اضافی معلومات جمع کروانے کا کہا جا سکے گا، اس میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی معلومات بھی شامل ہیں، سابقہ پاسپورٹ نمبرز کا مطالبہ کیا جا سکے گا، ماضی میں کہاں کہاں کا سفر کیا ہے، خاندان کے افراد کیا کرتے ہیں اور ان کے رابطہ نمبروں کی تفصیل حاصل کی جا سکے گی۔‘‘

تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس نئے قانون سے ویزا اپلائی کرنے والوں کا صرف ایک حصہ ہی متاثر ہوگا۔ امریکا سالانہ بنیادوں پر دنیا بھر میں تیرہ ملین سے زائد ویزے جاری کرتا ہے۔