ویمن فٹ بال ورلڈ کپ، انگلش خواتین پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں
28 جون 2015انگلینڈ کی خواتین ٹیم کے کوچ مارک سمپسن کی ٹیم نے کسی بھی عالمی کپ مقابلوں میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ انگلش خواتین نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس اہم ٹورنامنٹ کے مسلسل دو ناک آؤٹ میچوں میں کامیابی حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔
کینیڈا سے قبل انگلش کی ٹیم نے ناروے کو بھی ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی تھی۔ یہ امر اہم ہے کہ انگلینڈ میں خواتین کی فٹ بال ٹیم پر بھاری سرمایا کاری کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ اب یہ ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ انگلش خواتین کی ٹیم پر امید ہے کہ وہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کریں گی۔
تین ہفتے قبل اس ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں فرانس سے شکست کے بعد انگلش ٹیم نے مسلسل چار کامیابیاں سمیٹیں۔ اس ٹیم نے میکسیکو، کولمبیا، ناروے اور کینیڈا کی ٹیم کو مات دے کر لندن میں ایک امید پیدا کر دی ہے کہ اب عالمی درجہ بندی میں چھٹی پوزیشن پر براجمان یہ ٹیم سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن جاپان کو بھی کڑا وقت دے سکتی ہے۔
ہفتے کے دن بی سی پیلس اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور کینیڈا کے مابین کھیلے گئے اس کوارٹر فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود تماش بینوں کی تعداد 54 ہزار سے زائد تھی۔ انگلش کھلاڑی جوڈی ٹیلر اور لوسی برونز کی طرف سے کیے گئے ابتدائی گولوں کی وجہ سے اسٹیڈیم میں موجود کینیڈا کے شائقین خاموش ہو گئے۔ انگلش ٹیم نے اپنی برتری آخر تک قائم رکھی۔
انگلینڈ ٹیم اب دو جولائی کو جاپان کے خلاف سیمی فائنل کھیلنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ پہلی مرتبہ اس معتبر ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل تک رسائی پر انگلینڈ بھر میں جشن کا سا سماں ہے۔ اس عالمی کپ کا پہلا سیمی فائنل یکم جولائی کو جرمن خواتین اور امریکی خواتین کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے میچ چار جولائی کو جبکہ فائنل میچ چھ جولائی کو منعقد ہو گا۔
ستائیس جون کو منعقد ہوئے کوارٹر فائنل مقابلوں میں جاپان نے آسٹریلیا کو جبکہ امریکی خواتین نے چینی خواتین کو مات دی تھی۔ ان دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں نے ایک ایک گول کیا تھا جبکہ ان کی حریف ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکی تھیں۔
چھبیس جون کو کھیلے گئے ایک ڈرامائی کوارٹر فائنل میں جرمن خواتین نے فرانسیسی خواتین کو مات دی تھی۔ یہ میچ مقررہ وقت تک ایک ایک گول سے برابر رہا لیکن پینلٹی شوٹ آؤٹ پر جرمنی نے یہ مقابلہ چار پانچ سے اپنے نام کر لیا تھا۔