1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویکسین کی جگہ نمکین پانی کا ٹیکا: متعدد جرمن افراد متاثر

10 اگست 2021

جرمنی کے صوبے سیکسنی میں گزشتہ اپریل میں ایک ویکسینیشن سینٹر میں ایک نرس کی طرف سے کورونا ویکسین کی بجائے نمک کے پانی کا ٹیکا لگانے کا اسکینڈل اب مزید پھیلتا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3yoKJ
Impfzentrum Friesland in Schortens | Kochsalzlösung statt Biontech
تصویر: Mohssen Assanimoghaddam/dpa/picture alliance

 

جرمنی کے ایک مشرقی صوبے سیکسنی کے شہر شورٹنز کے ایک ویکسینیشن سینٹر میں ایک نرس نے کورونا ویکسین کی جگہ نمک کے پانی کا ٹیکا لگانے کا اعتراف کیا تھا، جس کے بعد  یہ اسکینڈل میڈیا نے عام کیا۔ ابتدائی طور پر سامنے آنے والی خبروں میں ایسے 6 کیسز کی بات کی جا رہی تھی جن میں اس مخصوص ویکسین سینٹر کی ایک نرس نے کورونا ویکسین کی بجائے نمک کے پانی کا ٹیکا لگایا تھا۔ تاہم پولیس اور پراسیکیوٹرز اب یہ کہہ رہے ہیں کہ ایسا انجیکشن لینے والوں کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے۔

منگل 10 اگست کو سیکسنی کے ڈسٹرکٹ فریسلنڈ کی پولیس اور پبلک پراسیکیوٹر نے اب تک کی تحقیقات کی روشنی میں کہا ہے کہ اس بات کے قوی امکانات پائے جاتے ہیں کہ کورونا ویکسین کی جگہ نمک کے پانی کا انجیکشن چھ سے کہیں زیادہ افراد کو لگایا جا چُکا ہے۔ پولیس اور پبلک استغاثہ کے تازہ ترین بیان کے مطابق رواں برس مارچ تا 20 اپریل سیکسنی کے ڈسٹرکٹ فریسلینڈ میں قائم 'روفہاؤزن ویکسینیشن سینٹر‘ ممکنہ طور پر 8557 افراد اس عمل سے متاثر ہوئے ہیں یعنی انہیں کورونا ویکسین کی بجائے نمکین پانی کا ٹیکا لگایا گیا ہے۔ دریں اثناء ان تمام افراد کو ای میل کے ذریعے اس بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔

فائزر بائیون ٹیک ویکسین کا اثر چینی ویکسین سے بہتر، تحقیق

Impfzentrum Friesland in Schortens | Kochsalzlösung statt Biontech
سیکسنی کے ڈسٹرکٹ فریسلنڈ میں قائم ایک ویکسینیشن سینٹر کے باہر لوگوں کی قطارتصویر: Mohssen Assanimoghaddam/dpa/picture alliance

 ہوا کیا تھا؟

اب تک کی اطلاعات یہ تھیں کہ جرمنی کے صوبے سیکسنی میں گزشتہ اپریل میں ایک ویکسینیشن سینٹر میں ایک نرس نے چھ افراد کو بائیواین ٹیک ویکسین کی بجائے نمکین پانی کا ویکسین لگایا تھا، جو بے ضرر مانا جاتا ہے۔ اس کی وجہ مذکورہ نرس نے یہ بتائی تھی کہ ویکسینیشن کے دوران بائیو این ٹیک ویکسین کا امپیول اس کے ہاتھ سے گر کر ٹوک گیا تھا اور اصل دوا بہہ کر ضائع ہو گئی تھی اور وہ ویکسینیشن سینٹر کے سربراہ کو اس بارے میں اطلاع دینے میں خجالت محسوس کر رہی تھی۔ اس واقعے کے رونما ہونے کے فوراً بعد جرمن ریڈ کراس کی ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن کی انتظامیہ نے اس نرس کو فارغ کر دیا اور تمام متاثرین کو مطلع کیا کہ ان سب کو دوبارہ اصل ویکسین لگائی جائے گی۔

اس کیس کی تفتیشی کارروائی میں ریاستی پولیس، پراسیکیوٹر کا دفتر اور سیکسنی کے سکیورٹی اہلکار سب ہی شامل تھے۔ دریں اثناء پولیس کی ایک خاتون ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اس واقعے کے پیچھے سیاسی مضمرات کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔

جرمن ویکسینیشن مہم سے ہزاروں انسانی جانیں محفوظ، رپورٹ

Impfzentrum Friesland in Schortens | Kochsalzlösung statt Biontech
شہر شورٹنز کے اس ویکسینیشن سینٹر میں یہ واقعہ پیش آیا تھاتصویر: Mohssen Assanimoghaddam/dpa/picture alliance

متاثرین کا رد عمل

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق قریب 100 متاثرین نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے قائم کردہ شکایتی ٹیلی فون نمبر پر فون کر کے اپنے اپنے ناموں کا اندراج کروایا ہے۔ اس بارے میں بحرانی ٹیم کی سربراہ نے کہا،'' عوام پریشان ہیں لیکن خوش آئند امر یہ ہے کہ انہوں نے اپنے ناموں کا اندراج کروایا ہے اور اب ان کو دی جانے والی ویکسین کی مکمل جانچ کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس اپنی تفتیشی کارروائی جاری رکھے ہوئی ہے۔ شہر ولہلمزہافن کی پولیس کی خاتون ترجمان نے یہ بھی کہا کہ تفتیشی کارروائیوں میں تمام متاثرین کو مبینہ طور پر جسمانی نقصان پہنچنے کے امکانات کی بھی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔ اُدھر شہر اُلڈنبرگ میں پبلک پراسیکیوٹر کا دفتر بھی اس کیس کی مجرمانہ پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے رہا ہے۔

ک م/ ع ح ) ای پی ڈی، ڈی پی اے(