ٹرمپ یہودی ملکہ آستر کی طرح ہیں، امریکی وزیر خارجہ
23 مارچ 2019امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اسرائیل کی حمایت کو مذہبی پس منظر میں بیان کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ کو بائبل کی یہودی ملکہ آستر سے تشبیح دی ہے۔ قدیم فارس کی اس ملکہ کو اپنے ملک کے یہودیوں کی جانیں بچانے والی ہیرو قرار دیا جاتا ہے۔ یہ کہانی عہد نامہ قدیم کی کتاب آستر میں بیان ہوئی ہے۔ یہودیوں کے خلاف سازش کے ناکام ہونے کی یاد میں ابھی تک ’عید پوریم‘ بھی منائی جاتی ہے۔
عہد نامہ قدیم کی کتاب آستر کے مطابق ایران کے بادشاہ اخسویرس کا ایک ہامان نامی مشیر یہودیوں کا دشمن تھا۔ اُس نے بادشاہ سے یہودیوں کے قتل عام کا فرمان حاصل کر لیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ یہ فرمان بادشاہ سے نشے کی حالت میں حاصل کیا گیا تھا۔ اس وقت کی ملکہ آستر کے چچا مردکی کو اس سازش کا علم ہوا اور اُس نے ملکہ آستر کی مدد سے یہودیوں کو ہامان کی سازش سے بچا لیا۔ بعد ازاں بادشاہ نے ہامان کو ہی پھانسی دے دی تھی۔
مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ نے کرسچئین براڈ کاسٹنگ نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بیان دیا تھا۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ ایران کے خلاف سخت موقف کی وجہ سے کیا وہ یقین رکھتے ہیں کہ ٹرمپ آسٹر کی طرح ہیں؟ اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا، ’’ایک مسیحی کے طور پر مجھے یقین ہے کہ ایسا ممکن ہے۔‘‘ اس کے بعد امریکی وزیر خارجہ کو اس وجہ سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا کہ انہوں نے ایک پریس کانفرنس صرف ’مذہب کی بنیاد‘ پر صحافیوں کے لیے کی تھی۔
ا ا / ع ت