ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کو مات
7 مئی 2010جمعرات کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے سُپر ایٹ سٹیج کا آغاز انگلینڈ اور دفاعی چیمپیئن پاکستان کے میچ سے ہوا۔ انگلش کپتان کالنگ وُڈ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی ٹیم کے سٹائلش اوپنر سلمان بٹ نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور سلمان بٹ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 31 رنز جوڑے۔ میچ کے دسویں اوور میں پاکستان کا مجموعی سکور جب 71تھا، تو سلمان بٹ 34 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آوٴٹ ہوگئے۔ بٹ نے گروپ مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے خلاف 73 رنز بنائے تھے اور ’مین آف دی میچ‘ قرار پائے تھے۔
بٹ کے آوٴٹ ہونے کے بعد پاکستان کی اننگز سنبھل نہیں سکی۔ حفیظ 77 کے مجموعی سکور پر آوٴٹ ہوگئے اور کپتان شاہد آفریدی نے بھی اسی سکور پر ’خودکشی‘ والا رن پورا کرنے کی کوشش میں اپنا وکٹ صفر کے انفرادی سکور پر گنوادیا۔ اس کے بعد ’آوٴٹ آف فارم‘ مصباح الحق ’آوٴٹ آف فارم‘ ہی رہے اور یوں ’پٹا ہوا مہرا‘ ہونے کا ایک بار پھر ثبوت دیا۔ بٹ کے بعد نوجوان بیسٹمین عمر اکمل نے پاکستانی اننگز کو کچھ سہارا دیا، انہوں نے 30 رنز بنائے۔ مقررہ بیس اوورز میں پاکستانی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز ہی بنا سکی۔ انگلینڈ کی جانب سے مائیکل یارڈی اور سٹیورٹ بروڈ نے نپی تلی بولنگ کی اور دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز دلکش اور پُر اعتماد رہا۔ سلامی بلے بازوں، مائیکل لَمب اور کریگ کیس ویٹر نے پارٹنر شپ میں 44 رنز بنائے۔ کیون پیٹرسن نے کریز پر آتے ہی جارحانہ انداز اختیار کیا اور یوں پاکستانی بولرز پر حاوی ہوگئے۔ پیٹرسن نے دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی ’میچ وننگ‘ اننگز کھیلی۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستانی کی طرف سے بولنگ میں صرف سعید اجمل اور فاسٹ بولر محمد عامر نے متاثر کیا۔ اجمل نے 18 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستانی کپتان ’بوم بوم‘ آفریدی انگلینڈ کے خلاف بھی پُر اعتماد نظر نہیں آئے۔ ان کے کئی فیصلوں پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں، جیسے محمد حفیظ کو ایک بار پھر وَن ڈاوٴن جیسی اہم پوزیشن پر بھیجنا، بیٹسمین فواد عالم کو آٹھویں پوزیشن پر بیٹنگ کے لئے بھیجنا اور پہلے اوور میں وکٹ لینے کے باوجود آف سپنر سعید اجمل کو دوسرا اوور نہ دینا۔
دریں اثناء جمعرات کو سُپر ایٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ’بلیک کیپس‘ کے خلاف 13رنز سے کامیابی حاصل کی۔ ساوٴتھ افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے، جن میں اے بی ڈی ویلریئز کے 47، آل راوٴنڈر اَیلبی مورکل کے جارحانہ 40، اوپنر ژاک کیلس کے 31 اور ہرشل گبز کے 30 رنز شامل ہیں۔ ایلبی مورکل نے محض 18 گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے اور یوں ’مین آف دی میچ‘ قرار پائے۔
جواب میں نیوزی لینڈ سات وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز ہی بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے سلامی بلے باز جَسی رائیڈر نے 33 رنز بنائے، لیکن برینڈن میکولم، راس ٹیلر اور مارٹ گَپٹل خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ جمعہ کو سُپر ایٹ مرحلے میں دو اہم میچ کھیلے جا رہے ہیں۔ پہلا میچ آسٹریلیا اور بھارت کی مضبوط ٹیموں کے درمیان جبکہ دوسرا میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز اور ’ایشین ٹائیگرز‘ سری لنکن ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی
ادارت: عابد حسین