ٹوکیو میں پالتو جانوروں کا پگ کیفے
22 مئی 2019جاپان دارالحکومت ٹوکیو میں کھولے جانے والے پِگ کیفے کا نام ’مائی پیگ‘ (Mipig) ہے۔ یہ ٹوکیو کے میگورو علاقے کی ایک عمارت کے گراؤنڈ فلور پر کھولا گیا ہے۔ اس میں آنے والے گاہک اپنے پالتو سُؤر کو بھی لا سکتے ہیں۔ پالتو سُؤر میں خاص طور پر برطانیہ کی ایک نسل ’پوٹ بیلی پِگ‘ نہایت ہی اہم شمار کی جاتی ہے۔ بقیہ اس جانور کی اقسام گھروں سے باہر ایک احاطے میں رکھی جاتی ہیں۔
پوٹ بیلی پِگ چھوٹی ٹانگوں اور موٹے پیٹ والا سُؤر ہے۔ اسے جاپان میں ایک کارباری شخص نے برطانیہ سے امپورٹ کروا کر متعارف کرایا ہے۔ اُس شخص نے اس خاص قسم کے سُؤروں کا ایک بڑا فارم یاماناشی ضلع میں قائم کیا ہے۔ اس ضلع کی سرحد ٹوکیو کے وسیع ضلع سے بھی ملتی ہے۔ اس خاص فارم کو کھولنے کے لیے ایک مہم کے ذریعے چندہ بھی جمع کیا گیا تھا۔
یہ امر اہم ہے کہ برطانیہ میں ’پوٹ بیلی پِگ‘ کو ایک پالتو جانور کے طور پر قبول کرنا اب رواج میں ہے۔
ٹوکیو کے ’مائی پگ‘ نامی کیفے میں پالتو سُؤر کے ساتھ تیس منٹ گزارنے کے لیے تقریباً ساڑھے چھ امریکی ڈالر خرچ کرنا ہوں گے۔ اس وقت کے دوران کیفے اندر بیٹھ کر کسی بھی گاہک کو کوئی ایک مشروب خریدنا لازم ہے۔ گرم یا ٹھنڈے مشروب کی قیمت تقریباً پانچ ڈالر ہے۔ ابتدائی نصف گھنٹے کے بعد ہر اگلے آدھ گھنٹے کے لیے اضافی رقم چار امریکی ڈالر ہے۔ اضافی وقت میں کافی، چائے یا کوئی اور مشروب خریدنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
جاپان میں پالتو جانور کے ساتھ کسی کیفے میں وقت گزارنے کی ابتدا سن 2004 میں اوساکا نامی شہرمیں ہوئی تھی۔ اس نئے طرز کے کیفے کی شہرت جلد ہی سارے جاپان میں پھیلتی چلی گئی اور تقریباً سبھی شہروں میں پالتو بلیوں اور کتوں کے کیفے کھلنا شروع ہو گئے۔ اب سبھی جاپانی شہروں میں پالتو جانوروں کے کیفے ہر سڑک پر نظر آتے ہیں۔