1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان کے ہاتھوں آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے شکست

6 ستمبر 2012

متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ میچوں کی سیریز جیتنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلوی ٹیم کو خاصی بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

https://p.dw.com/p/1647v
تصویر: AP

پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اس انداز کی کرکٹ کے لیے دونوں ٹیموں کے نئے کپتان میدان میں اترے۔ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت جورج بیلی کو تفویض کی گئی ہے۔ جورج بیلی پاکستانی کپتان کی طرح آسٹریلیا کی ایک روزہ ٹیم کا حصہ بھی ہیں۔ بیلی کی ٹیم پاکستانی اسپنرز کا بھرپور انداز میں مقابلہ کرنے میں ناکام رہی۔ پوری آسٹریلوی ٹیم بیسویں اوورز میں 89 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اننگز کے دوران آسٹریلوی ٹیم کی وکٹیں تواتر سے گرتی رہیں۔

Pakistan Cricket Kamran Akmal
کامران اکمل نے تیز رفتار اننگ کھیلیتصویر: DW

 افتتاحی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر 22 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر تھے۔ ان کے علاوہ دو اور کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے۔ ان میں کپتان جورج بیلی نے 14 رنز جبکہ کریگ وائٹ نے 15 رنز بنائے۔ بقیہ کھلاڑیوں کو پاکستانی بالروں نے وکٹ پر ٹھہرنے نہیں دیا۔ پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بالر سہیل تنویر تھے اور انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حفیظ، سعید انور اور رضا حسین نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستانی شہر سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے بیس سالہ رضا حسین کا یہ پہلا بین الاقوامی میچ تھا۔ بدھ کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ قدرے بہتر دکھائی دی۔

Cricket Shane Watson
شین واٹسن کا بیٹنگ اور بالنگ میں جادو نہ چل سکاتصویر: AP

آسٹریلوی ٹیم کے ٹارگٹ کو پاکستانی بیٹسمینوں نے پندرہویں اوور میں حاصل کر لیا۔ ٹارگٹ کے حصول میں پاکستان کے صرف تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ ان میں کپتان محمد حفیظ 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ناصر جمشیید 10 اور عمران نذیز 22 رنز بنا سکے۔ کامران اکمل نے 31 رنز کی زور دار اننگ کھیلی۔ وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ ناصر جمشید نے بھی دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف پہلا بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا۔ کپتان محمد حفیظ کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز ابو ظہبی اور شارجہ میں کھیلی گئی تھی۔ یہ سیریز آسٹریلوی ٹیم نے ایک کے مقابلے میں دو میچوں میں کامیابی حاصل کر کے اپنے نام کی تھی۔  ٹی ٹوئنٹی کے تینوں میچ دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ دوسرا میچ سات ستمبر جبکہ تیسرا میچ دس ستمبر کو شیڈول ہے۔

(ah/aba(Reuters