1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بعد اب انڈین بیڈمنٹن لیگ

عدنان اسحاق13 اگست 2013

بھارت میں بدھ چودہ اگست سے بیڈمنٹن کا ایک بین الاقوامی ٹورنامنٹ شروع ہو رہا ہے۔ ان مقابلوں کی خاص بات اس کے نئے قوانین ہیں۔ کھلاڑیوں کو باقاعدہ نیلامی کے دوران خریدا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/19OT0
تصویر: Sola Hülsewig

انڈین بیڈمنٹن لیگ’ آئی بی ایل‘ چھ ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا اور جیتنے والے کے لیے مختص کیے جانے والے انعامات کی وجہ سے اسے بھارت کا مہنگا ترین ٹورنامنٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ ان مقابلوں کی ایک اور خاص بات بھی ہے کہ اس میں جو نئے قوانین متعارف کرائے گئے ہیں، وہ انتہائی جارحانہ ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جارحانہ انداز کا کھیل پسند کیا جاتا ہے اور اس وجہ سے امید ہے کہ زیادہ سے زیادہ شائقین مقابلے دیکھنے کے لیے آئیں گے۔

کھلاڑیوں کے کورٹ میں اترنے سے قبل ہی ٹورنامنٹ کو چند غیر متوقع مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سب سے بڑا دھچکا یہ کہ عالمی نمبر ایک ملائشیا کے لی چونگ وائی زخمی ہونے کے باعث ان مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ چینی کھلاڑی بیڈمنٹن میں خاص شہرت رکھتے ہیں تاہم چین نے اپنے کسی بھی کھلاڑی کو اس ٹورنامنٹ میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی ہے۔ اس وجہ سے بھی انڈین بیڈمنٹن لیگ کی انتظامیہ پریشان ہے۔ اس کے علاوہ تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی خواتین کی عالمی چیمپئن ’ Ratchanok Intanon ‘ بھی ان مقابلوں میں شریک نہیں ہو رہیں۔

Saina Nehwal im Finale der Danish Open in Badmington
تصویر: picture-alliance/dpa

نئے ضوابط کے مطابق میچ جیتنے کے لیے دو پوائنٹس کا فرق پہلے دو گیمز میں لازمی نہیں ہو گا اور اگر بات تیسرے مقابلے تک گئی تو یہ گیم صرف گیارہ پوائنٹس پر مشتمل ہو گا۔ اس کے علاوہ پہلے دو گیمز کے دوران 7ویں اور 14ویں پوائنٹس کے بعد ایک کمرشل وقفہ بھی ہو گا۔ تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں یہ وقفہ چھٹے پوائنٹ کے بعد ہو گا۔ بھارت کے سابق بیڈمنٹن کھلاڑی پرکاش پاڈوکون کہتے ہیں اس میں کوئی شک نہیں کہ انڈین بیڈمنٹن لیگ بھارت میں ہونے والا بہترین ٹورنامنٹ ہے۔ کیونکہ بیڈمنٹن کے مقابلوں میں اس سے قبل اتنی خطیر رقوم بطور انعام نہیں دی گئیں۔ پرکاش پاڈوکون آل انگلینڈ بیڈمنٹن چیمپئن شپ بھی جیت چکے ہیں۔ ’’یہ ٹورنامنٹ بیڈمنٹن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا‘‘۔

کرکٹ میں ٹی ٹوئنٹی کی شہرت کے بعد ہاکی، گولف، ٹینس اور فٹ بال میں بھی فرنچائز طرز کے ٹیم مقابلے شروع ہو گئے ہیں۔ یہ چھ بیڈمنٹن ٹیمیں بڑے تاجروں اور امیر افراد کی ملکیت ہیں۔ کھلاڑیوں کو باقاعدہ ایک نیلامی میں بڑی بڑی رقوم کے عوض خریدا گیا ہے۔ ان میں بھارتی اور بین الاقوامی کھلاڑی شامل ہیں۔ ہر ٹیم چار غیر ملکی، چھ بھارتی اور ایک بھارتی جونیئر کھلاڑی پر مشتمل ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 31 اگست کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔