پاک افغان فٹ بال میچ، امن کی جیت
21 اگست 2013افغان دارالحکومت میں کھیلا جانے والا یہ میچ اس شہر میں دونوں ممالک کے درمیان تیس سال سے زائد عرصے بعد پہلا مقابلہ تھا۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی کے مطابق 90 منٹ تک اس میچ نے افغانستان میں سبھی کو اپنے سحر میں مبتلا کیے رکھا۔ اس دوران افغان دارالحکومت میں ہُو کا عالم تھا۔ لوگ اپنے گھروں، دفاتر، ہوٹلوں اور دکانوں میں دم سادھے یہ مقابلہ دیکھتے رہے۔
اس میچ کو دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی کوشش بھی کہا جا رہا ہے۔ عالمی امور کے ماہرین اس میچ کو کھیل سے کہیں زیادہ قرار دے رہے ہیں۔ ایک طرف اس میچ کو پاک افغان تعلقات میں بہتری کی علامت کے طور پر دیکھا جارہا ہے تو دوسری ایک طویل عرصے سے خانہ جنگی اور دہشت گردی کے شکار افغان عوام کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا جا رہا ہے۔ مستقبل قریب میں دونوں ممالک کی اعلیٰ سیاسی قیادت میں ملاقات بھی متوقع ہے، جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری آنے کا امکان ہے۔
کابل میں دونوں ٹیمیں آخری بار سن 1976 میں مد مقابل ہوئی تھیں۔ اس وقت کھیلے گئے میچ میں افغان ٹیم نے مہمان ٹیم کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔ منگل کے روز کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم نے ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار کیے رکھا اور میچ پاکستان کی شکست پر منتج ہوا۔ پاکستان ٹیم اپنے پانچ اہم کھلاڑیوں کے بغیر کھیل رہی تھی، جس کی وجہ سے اسے کھیل میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
افغان فٹ بال فیڈریشن کے زیرِ نگرانی تعمیر ہونے والا کابل کا یہ فٹ بال اسٹیڈیم میچ شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل ہی شائقین سے کھچا کھچ بھر چکا تھا۔ میچ دیکھنے کے لیے لوگ افغانستان کے مختلف حصوں سے اس اسٹیڈیم میں پہنچے تھے۔ اس دوران کوئی پاکستان مخالف نعرہ سننے کو نہیں ملا۔
پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے اس دوستانہ میچ کو اس ماہ کھٹمنڈو میں ہونے والے ’جنوبی ایشیا فٹ بال فیڈریشن کپ‘ کی تیاری کے لیے ایک وارم اپ میچ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس وقت فٹ بال کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کا 167 واں اور افغانستان کا 139 واں نمبر ہے۔
پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک اس وقت اسلامی شدت پسندی کا سامنا کر رہے ہیں۔ اسی وجہ سے اکثر دونوں میں ممالک میں تناؤ کی کیفیت رہتی ہے۔