پاکستان اور افغانستان میں شدید زلزلہ
26 اکتوبر 2015خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ پیر کے دن افغانستان کے شمالی علاقے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اے ایف پی نے بتایا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.5 نوٹ کی گئی ہے۔
زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس کے جھٹکے بھارت اور پاکستان کے متعدد شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔ پاکستان میں طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ متعدد علاقوں میں ہونے والی تباہی کی وجہ سے سو سے زائد افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں۔
بدخشاں صوبے کے گورنر دفتر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ دور دراز علاقوں میں متعدد گھر متاثر ہوئے ہیں اور ہلاکتوں کو خدشہ موجود ہے۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز افغان علاقے جرم کے نزدیک تھا۔
زلزلے کا مرکز دارالحکومت کابل سے 160 میل دور واقع تھا۔ اطلاعات کے مطابق کابل، نئی دہلی اور اسلام آباد میں بھی ایک منٹ تک اس زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.7 نوٹ کی گئی تاہم پاکستان میڈیا نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس کی شدت 8.1 قرار دی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ عالمی وقت کے مطابق ایک بجکر انتالیس پر جب زلزلہ آیا تو شہریوں میں خوف پھیل گیا۔ افغانستان کے علاوہ پاکستان اور بھارت کے متعدد شہروں میں لوگ عمارتوں سے باہر نکل آئے۔