1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: ریکارڈ ہدف کا کامیاب تعاقب

عدنان اسحاق7 جولائی 2015

پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے ٹیسٹ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ پاکستان کی جیت میں شان مسعود اور یونس خان نے بنیادی کردار ادا کیا۔

https://p.dw.com/p/1FtpN
تصویر: L. Wanniarachchi/AFP/Getty Images

377 رنز کا ہدف اور وہ بھی دوسری اننگز میں، پاکستان کے لیے اس ہدف کا حصول کچھ مشکل دکھائی دے رہا تھا۔ شائقین کی پریشانی جائز بھی تھی کیونکہ پاکستانی ٹیم اس سے قبل دوسری اننگز میں اتنے بڑے ہدف کے تعاقب میں ہمیشہ ناکام ہی رہی ہے۔ تاہم شان مسعود کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور یونس خان کے تجربے نے مل کر اس مشکل آسان بنا ڈالا۔

شان مسعود نے میزبان بالرز کا شانداز انداز میں مقابلہ کیا اور 125 رنز بنائے جبکہ یونس خان 171 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شان مسعود اور یونس خان نے انتہائی ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور میں 242 رنز کااضافہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنی سنچریاں مکمل کیں۔ شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعدکپتان مصباح الحق کریز پر آئے اور سری لنکا نے نئی گیند لے کر اس شراکت کو توڑنے کی بھرپور کوششیں کیں، جو رائیگاں ثابت ہوئیں۔

Cricket Testspiel Pakistan vs. Sri Lanka
تصویر: L. Wanniarachchi/AFP/Getty Images

دوسری اننگز میں مصباح الحق نے 59 رنز اسکور کیے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ پاکستان نے کسی ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں اتنا بڑے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا ہے۔ یونس خان نے اپنی اننگز میں 18 چوکے لگائے۔

دوسری اننگز میں بھی پاکستان کا آغاز پہلی اننگز کی طرح ہی مایوس کن رہا تھا اور اوپنر احمد شہزاد صفر کے اسکور پر جبکہ اظہر علی صرف پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ چکے تھے۔ تیرہ کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی دو وکٹیں گر چکی تھیں۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ میزبان ٹیم نے 278 رنز بنائے تھے، جس میں کاروناراتنے کی سنچری بھی شامل تھی۔ انہوں نے 130 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں سب سے کامیاب بالر یاسر شاہ تھے، جنہوں نے 78 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی اور صرف دو کھلاڑی ہی سری لنکن بالرز کا مقابلہ کر سکے۔ سرفراز احمد نے 78 رنز ناٹ آؤٹ بنائے جبکہ اظہر علی 52 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے تھے اور ٹیم مجموعی طور پر 215 رنز بنا سکی تھی۔

دوسری اننگز میں میتھیو کے 122 اور چندیمال کے 67 رنز کی بدولت سری لنکا نے پاکستان کو 377 کا ہدف دیا تھا۔ اس مرتبہ عمران خان نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور 58 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے گالے میں پہلا ٹیسٹ دس وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ کولمبو میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 2006ء کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان نے سری لنکا میں میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔

اس جیت کے ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کے پوائنٹس 101 ہو گئے ہیں اور وہ تیسرے نمبر پر ہے۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر جنوبی افریقہ ہے، جس کے 130پوائنٹس ہیں جبکہ آسٹریلیا 111 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔