پاکستان ميں موبائل جرنل ازم کے فروغ کے ليے انعامی مقابلہ
22 نومبر 2019مذکورہ ويڈيو مقابلے ميں پاکستان کے قبائلی علاقوں کے انيس اضلاع سے تعلق رکھنے والے چھتيس نوجوانوں نے حصہ ليا۔ شرکاء ڈی ڈبلیو اکيڈمی کی مختلف ٹريننگز سے مستفيد ہو چکے ہيں۔ انہيں موقع فراہم کيا گيا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں سے دلچسپ اور غور طلب موضوعات پر مختصر دورانيے کی ويڈيو رپورٹس بنائيں۔ بعد ازاں جرمنی اور پاکستان ميں موجود جیوری کے ايک پينل نے يہ رپورٹيں ديکھنے کے بعد ان کی درجہ بندی کی اور بارہ کو اگلے مرحلے کے ليے منتخب کیا۔ پھر ان بارہ ميں سے تين کو پہلی، دوسری اور تيسری پوزيشن کے ليے چنا گيا۔
بائيس نومبر کو کراچی کے ’انسٹيٹيوٹ آف بزنس ايڈمنسٹريشن‘ کے سٹی کيمپس ميں ايک تقريب منعقد ہو رہی ہے۔ اس تقريب ميں پہلی تين ويڈيو رپورٹس کو دکھايا جائے گا اور انہيں بنانے والے رپورٹرز ميں خصوصی انعامات تقسيم کيے جائيں گے۔ ڈی ڈبليو اکيڈمی نے تقريب کے ليے بارہ منتخب رپورٹرز کو کراچی دعوت دی اور وہ تمام تقريب ميں شرکت کر رہے ہيں۔ ان کی کوششيں سراہنے کے ليے ان تمام کو بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔
موبائل جرنل ازم کانسٹيسٹ کا انعقاد جرمنی کے بين الاقوامی نشرياتی ادارے ڈی ڈبليو اور ميڈيا ڈيولپمنٹ کے ليے اس کی ذيلی تنظيم ڈی ڈبليو اکيڈمی سميت Individualland ، ميڈيا ٹريننگ اينڈ ريسرچ سينٹر اور ٹرائبل نيوز نيٹ ورک نامی مقامی پارٹنرز کے اشتراک سے کيا گيا ہے۔
ڈی ڈبليو اکيڈمی مختلف پروگراموں کے ذريعے پاکستان ميں نوجوان صحافيوں کو مختلف اقسام کی تربيت فراہم کرتی ہے۔ ايسی ٹريننگز ميں بالخصوص دور دراز کے اور کم وسائل والے علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان صحافيوں پر توجہ مرکوز رکھی جاتی ہے۔ اکيڈمی اسمارٹ فون کے دور ميں جديد صحافتی اقتدار سميت ديگر کئی امور پر ٹريننگ فراہم کرتی ہے۔