1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز جیت لی

عابد حسین5 اکتوبر 2015

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں کھیلے گئے آخری ون ڈے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کو سات وکٹوں سے مات دے کر یہ سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ اِس سے قبل ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی پاکستان نے جیتی تھی۔

https://p.dw.com/p/1Gizq
تصویر: DW/T. Saeed

پیر کے دن ہرارے میں کھیلے گئے اس آخری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو زمبابوے کی تمام ٹیم 161 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان نے تین کھلاڑیوں کے نقصان پر ہی 162 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔ پاکستان کی طرف سے اپنا دوسرا ایک روزہ میچ کھیلنے والے بلال آصف نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پہلے زمبابوے کے بلے بازوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا اور پھر پاکستانی اننگز میں شاندار 38 رنز کا اضافہ بھی کیا۔ زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے کے اسپورٹس کلب میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے اپنی مخالف ٹیم کو کھیل کے ہر شعبے میں مات دی۔ اظہر علی کی علالت کے سبب اس میچ میں کپتانی کے فرائض سرفراز احمد نے نبھائے۔

پاکستانی کپتان نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو کھیلنے کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم کے اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 89 رنز بنائے۔ اِس میں چامُو شبابا کے 48 اور رچمنڈ مُوتُومبامی کے 67 رنز شامل تھے۔ اکیسویں اوور میں بلال آصف نے شبابا کو کیا آؤٹ کیا تو باقی ساری ٹیم مجموعی اسکور میں 79 رنز کا اضافہ کر کے انتالیسویں اوور میں ہی آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے بلال نے 25 رنز دے کر پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے اور عِماد وسیم تین وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

Pakistan Kricket Zimbabwe vs. Pakistan
پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز جیت لیتصویر: DW/A. Ali

پاکستان کھلاڑیوں نے 162 کے ٹارگٹ کی جانب سفر عمدگی سے شروع کیا۔ احمد شہزاد اور بلال آصف کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں اٹھاون رنز بنے۔ بلال آصف 39 گیندوں پر اڑتیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بلال آصف کی جگہ محمد حفیظ آئے لیکن وہ صرف تیرہ ہی رنز بنا سکے تھے کہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ احمد شہزاد کی صبر آزما اور سست اننگز بتیس کے اسکور پر ختم ہوئی۔ انہوں نے پچاسی گیندوں کا سامنا کیا۔ تین وکٹوں کے گرنے کے بعد پاکستانی بیٹسمینوں اسد شفیق اور شعیب ملک نے بغیر آؤٹ ہوئے میچ کو انجام تک پہنچایا۔ شعیب ملک نے چونتبیس اور اسد شفیق نے اڑتیس رنز بنائے۔

بلال آضف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اپنا انعام حاصل کرنے کے بعد اُن کا کہنا تھا کہ اِس پچ پر بولنگ آسان نہیں تھی لیکن وہ بنیادی اصولوں پر گیند پھینکتے رہے اور وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ شعیب ملک کو بیٹنگ اور بولنگ میں کارکردگی پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ملک نے اپنا انعام حاصل کرنے کے بعد کہا کہ وہ اپنے تجربے کو استعمال کرتے ہوئے متوازن پرفارمنس دینے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔

زمبابوے کی ٹیم کے کپتان ایلٹن چِگُمبورا نے اعتراف کیا کہ دونوں سیریز میں اُن کے بیٹسمین بہترین کھیل نہیں پیش کر سکے۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ اِس دورے کے لیے جو اہداف مقرر کیے گئے تھے، وہ حاصل کر لیے گئے ہیں۔ پاکستانی ٹیم رواں مہینے میں متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی کی سریز کھیلے گی۔