پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا
12 جون 2017پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کارڈف میں کھیلا جانے والا چیمپیئنز ٹرافی کا اہم میچ پاکستان نے ایک انتہائی سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد اپنے نام کر لیا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔
پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستانی بالرز نے 49.2 اوورز میں سری لنکا کی پوری ٹیم کو 236 رنز پر آؤٹ کر دیا ہے۔ پاکستانی بالرز حسن علی اور جنید خان نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عامر اور فہیم اشرف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کو جیت کے لیے 237 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 44.5 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کی طرف سے محض دوسرے میچ میں اوپننگ کرنے والے فخر زمان نے 50 رنز بنائے۔ میچ جیتنے میں کپتان سرفراز احمد کے ناقابل شکست 61 رنز نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ اوپنر اظہر علی 34 رنز کے ساتھ تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین رہے۔
میچ کا بہترین کھلاڑی پاکستانی کپتان سرفراز احمد کو قرار دیا گیا۔
پاکستان اب اپنا سیمی فائنل بدھ 14 جون کو سوفیا گارڈنز کارڈِف میں میزبان ملک انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ چیمپیئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان جمعرات 15 جون کو ایجباسٹن برمنگھم میں شیڈول ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار 18 جون کو اوول گراؤنڈ لندن میں ہو گا۔