1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کراچی ٹیسٹ جیتنے کے قریب آ گیا

21 دسمبر 2019

شان مسعود اور عابد علی کی شاندار اوپنگ پارٹنر شپ کی بدولت کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے۔ پاکستان کا یہ تیسرا اوپپنگ جوڑا ہے، جس نے ایک ہی اننگز میں سنچریاں اسکور کی ہیں۔

https://p.dw.com/p/3VCCc
Cricket Pakistan - Sri Lanka Abid Ali
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

کراچی میں جاری پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستانی بلے بازی چھائی رہی۔ تیسرے دن کے اختتام تک پاکستان ٹیم 315 رنز کی سبقت حاصل کر چکی ہے۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کھیلے جا رہے اس دوسرے اور آخری میچ کے دوسرے دن تک سری لنکا کی پوزیشن مضبوط تھی لیکن تیسرے دن کے کھیل میں شان مسعود کے انفرادی 135 جبکہ عابد علی کے 174 رنز کی بدولت پاکستانی ٹیم میچ جیتنے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔

عابد علی، جنہیں ڈریسنگ روم میں 'لیجنڈ‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے، نے مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی۔ یوں وہ پاکستان کے پہلے ایسے بلے باز بن گئے ہیں، جنہوں نے اپنے ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں میں سنچریاں اسکور کی ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز بھی سنچری بنائی تھی۔

دنیا میں ابھی تک ایسے آٹھ بلے باز ہی گزرے تھے، جنہیں اپنے ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں میں مسلسل سنچری کرنے کا اعزاز حاصل تھا۔ بتیس سالہ عابد علی ایسے پہلے بلے باز ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں، جنہوں نے اپنے اولین ون ڈے اور ٹیسٹ میچوں میں سنچری بنائیں ہو۔ شان مسعود کے انیس میچوں کے کیریئر میں یہ دوسری سنچری تھی۔ اس میچ کے دوران انہوں نے انفرادی طور پر ایک ہزار رنز بنانے کا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔

دنیائے کرکٹ میں سابق بھارتی کپتان محمد اظہر الدین ایسے واحد کھلاڑی ہیں، جنہوں نے اپنے ابتدائی تین ٹیسٹ میچوں میں سنچریاں اسکور کی تھیں۔ اس کے علاوہ سارو گنگولی اور روہت شرما اپنے اپنے ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں میں سنچریاں بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ جن  بلے بازوں نے اپنے پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں انفرادی طور پر سنچریاں بنائیں ان میں انگلینڈ کے ولیم پونسفورڈ، ڈگ والٹرز اور گریگ بیلوَٹ کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے ائیوین کالی چرن اور نیوزی لینڈ کے جیمز نیشم شامل ہیں۔

دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 278 رنز بنائے، جو پاکستان کی طرف سے دوسری بہترین اوپنگ پارٹنرشپ ہے۔ سن انیس سو ستانوے میں اعجاز احمد اور عامر سہیل نے 298 رنز کی اوپنگ پارٹنر شپ کی تھی، جو پاکستانی سلامی بازوں کی بہترین پارٹنرشپ ہے۔

کراچی ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام تک پاکستانی ٹیم نے 395 رنز بنائے اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ یوں پاکستان کو سری لنکا پر 315 رنز کی سبقت حاصل ہو چکی ہے۔ کھیل ختم ہوا تو کپتان اظہر علی ستاون جبکہ بابر اعظم بائیس کے انفرادی اسکورز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ سری لنکا کی طرف لہرو کمارا نے دوسری اننگز میں دو وکٹیں حاصل کیں۔

ع ب / ع ح / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں