1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی انتخابات کے بارے میں بنیادی حقائق

Imtiaz Ahmad8 مئی 2013

پاکستانی عوام ہفتے کے روز پارلیمان کے ایوان زیریں اور چار صوبائی اسمبلیوں کے لیے قانون سازوں کا انتخاب کرنے جا رہے ہیں۔ یہاں آپ انتخابات کے بارے میں چند اہم حقائق پڑھ سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/18Tyg
تصویر: Arif Ali/AFP/Getty Images

انتخابی امیدوار

342 رکنی ایوان زیریں کی 272 نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 4670 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ساٹھ نشستیں خواتین اور 10 اقلیتیوں کے لیے مخصوص ہیں۔ یہ نشستیں مختلف جماعتوں کے براہ راست منتخب ہونے والے نمائندوں کے تناسب سے تقسیم کی جاتی ہیں۔ پاکستان کی چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 10 ہزار نو سو پچپن امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کے لیے صرف 161 خواتین امیداوار میدان میں اتریں ہیں اور یہ تعداد مجموعی امیدواروں کا 3.5 فیصد بنتی ہے۔

ووٹرز

پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 86.2 ملین بنتی ہے۔ ان میں سے 37.6 ملین خواتین اور 48.6 ملین مرد ہیں۔

پولنگ اسٹیشنز

پاکستان الیکشن کمیشن کی طرف سے تقریباﹰ 70 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں سے چالیس فیصد خواتین کے لیے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات عملے کی تعداد چھ لاکھ سے زائد ہوگی۔

ووٹنگ کے اوقات

شیڈیول کے مطابق ووٹ ڈالنے کا وقت صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک ہو گا۔ مہم کے دوران انتخابی امیدواروں کے قتل کے بعد تین حلقوں میں انتخابات کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔

سکیورٹی

الیکشن کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے چھ لاکھ سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ ان میں 50 ہزار کے قریب فوجی بھی شامل ہیں۔ ابھی تک انتخابی مہم کے دوران ہونے والے حملوں میں 100 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔

قبائلی علاقے

پاکستان کے سات نیم خود مختار قبائلی علاقے ہیں۔ وفاق کے زیر انتظام ان علاقوں سے قومی اسمبلی کے 12 ارکان کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

انتخابات کے بعد

ووٹوں کی گنتی پولنگ اسٹیشنوں پر ہی کی جائے گی اور اس کے بعد انہیں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفاتر ارسال کر دیا جائے گا۔ ابتدائی نتائج رات دس بجے تک متوقع ہیں۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے حتمی نتائج کا اعلان ایک ہفتے کے اندر کیا جائے گا۔ حکومت سازی کے لیے کسی بھی جماعت کو 272 سیٹوں میں سے 172 درکار ہوں گی۔

مبصرین

انتخابات کا جائزہ لینے کے لیے ہزاروں مقامی اور غیر ملکی مبصرین موجود ہوں گے۔ پاکستان کی سب سے بڑی مبصر تنظیم ’فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک‘ ہے۔ یہ تنظیم ملک بھر میں اپنے 43 ہزار پانچ سو مبصرین تعینات کرے گی۔

ia / zh (AFP)