پاکستانی شائقین کی کرکٹ سے محرومی پر ویسٹ انڈین کپتان اداس
8 فروری 2016ویسٹ انڈیز کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ ان کے لیے یہ بات پریشان کن ہے کہ پاکستانی شائقینِ انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہیں اور وہ مشہور غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنے ملک کے میدانوں میں پرفارم کرتا ہوا دیکھنے سے قاصر ہیں۔ سیمی کے مطابق ایمانداری کی بات ہے کہ پاکستانی شائقین کی محرومی میں کسی ملک کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے اور وہ ایسا سب کچھ کرکٹ بورڈز اپنی اپنی حکومتوں کی ہدایت میں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے فیصلوں کی روشنی میں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سیمی کے مطابق یہ بات یقینی ہے کہ کرکٹ کو پسند کرنے والے پاکستانی شائقین نے حالیہ برسوں میں کئی معروف کھلاڑیوں کو کھیلتے نہیں دیکھا ہے۔
جزائر غرب الہند کے کرکٹر سیمی کا کہنا ہے کہ بطور ایک کرکٹر کے وہ یہ خواہش رکھتے ہیں کہ جب کوئی بڑی پرفارمنس وہ دیں تو اُن کے ہوم گراؤنڈ میں بیٹھے شائقین اُس سے لطف اٹھا سکیں۔ اُن کے خیال میں اِس تناظر میں پاکستانی کرکٹرز بھی اِس سے محروم ہیں کہ وہ اپنے لوگوں اور عوام کے سامنے بڑی کارکردگیوں کے وقت داد و تحسین وصول کرنے سے محروم رہ رہے ہیں۔ ڈیرن سیمی نے اِس صورت حال پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق امکان موجود ہے کہ جلد ہی صورت حال تبدیل ہو جائے گی اور موافق حالات پیدا ہو جائیں گے۔
پاکستان میں سن 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کے بعد کوئی بھی غیر ملکی ٹیم پاکستان نہیں آئی ہے۔ اِس دوران زمبابوے کی ٹیم نے جراٴت و بہادری کے ساتھ لاہور میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پاکستان کا آخری مرتبہ دورہ سن 2008 میں کیا تھا۔ رواں برس اِسی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کر کے پانچ ایک روزہ میچز، دو ٹیسٹ میچ اور دو ٹی ٹوئنٹی کھیلنے ہیں اور حالیہ برسوں کی طرح یہ تمام میچز بھی متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اسی عرب سرزمین پر پاکستان گزشتہ چھ برسوں سے اپنی ہوم سیریز کا انعقاد کر رہا ہے۔
ڈیرن سیمی دبئی میں جاری پاکستان سپر لیگ میں شامل ہیں۔ وہ شاہد آفریدی کے ہمراہ پشاور کی ٹیم کے رکن ہیں۔ ویسٹ انڈین کھلاڑی نے کہا کہ وہ سپر لیگ میں پاکستانی کرکٹر کے ساتھ اپنے قیام سے بہت لطف اندوز ہوئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے شاہد آفریدی، وہاب ریاض اور کامران اکمل کے نام لے کر اُن کی رفاقت پر مسرت کا اظہار کیا۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلی جانے والی پاکستان سپر لیگ اِن دنوں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جا رہی ہے اور اِس کا اختتام تیئیس فروری کو ہو گا۔