پاکستانی طالبات کی ڈیزائن کردہ ریسنگ کار اور انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس فارمولا ون مقابلے
خواتین کسی شعبے میں مردوں سے پیچھے نہیں یہ بات پاکستانی طالبات کے ایک گروپ نے سچ کر دکھائی ہے، جو آئندہ ہفتے سے برطانیہ میں ہونے والے بین الاقوامی فارمولا ون اسٹوڈنٹس مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرے گا۔
پاکستان میں پہلی بار
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستانی طالبات کا ایک گروپ ایسے مقابلوں میں حصہ لے رہا ہے۔ اس گروپ کو ’ٹیم اَوج‘ کا نام دیا گیا ہے جو نَسٹ یونیورسٹی کی طالبات پر مشتمل ہے۔
سوفٹ ویئر کی تیاری
ٹیم اوج کا کہنا ہے کہ انہیں کار ڈیزائن کرنے سے لے کر اسے بنانے تک کئی محنت طلب مراحل سے گزرنا پڑا جن میں سے ایک مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے سوفٹ وئیر پر مستقل کام کرنا تھا۔
مالی وسائل کی کمی
ٹیم اوج نے رواں برس فروری سے اس پراجیکٹ پر کام کرنا شروع کر دیا تھا۔ لیکن مالی وسائل کی کمی کے باعث انہیں کام کو درمیان میں روکنا پڑا۔
سرکاری معاونت
ٹیم اوج کے مطابق اُس وقت کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی حکومت نے فارمولہ طرز کی کار کے لیے فنڈز فراہم کیے جس کے بعد اس پراجیکٹ کو تیزی سے مکمل کیا گیا۔
آخری مراحل
اب یہ ریس کار مکمل ہونے کے مرحلے میں تھی۔ طالبات نے دن رات کام کر کے اسے رواں سال جون میں مکمل کر لیا۔
انٹر نیشنل اسٹوڈنٹس فارمولا ون مقابلوں کے لیے موزوں
اب یہ ریس کار انٹر نیشنل اسٹوڈنٹس فارمولا ون مقابلوں کے معیار کے لحاظ سے بلکل موزوں اور تیار ہے۔ ریس میں حصہ لینے کے لیے ٹیم اوج کی رکن طالبات کو خصوصی تربیت بھی دی گئی ہے۔
ٹیم اوج پاکستانی خواتین کے لیے مثال
ٹیم اوج میں شامل ہر طالبہ برطانیہ میں ہونے والے اسٹوڈنٹ فارمولہ ریس مقابلوں میں حصہ لینے کے خیال سے بہت پُر جوش ہے۔ ان نوجوان طالبات کی اس کاوش سے موٹر اسپورٹس انڈسٹری میں پاکستانی خواتین کی شمولیت کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔
انگلینڈ جانے کی تیاری
فارمولہ ریس کار تیار ہے اور ٹیم اوج اپنے پراجیکٹ کو کامیابی سے مکمل کرنے پر بہت مسرور ہے۔ ان طالبات کو امید ہے کہ اپنی مہارت، جذبے اور شوق سے کام لیتے ہوئے برطانیہ میں یہ بین الاقوامی اسٹوڈنٹ فارمولہ ریس کے شائقین کے سامنے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔