1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی فوج کی نیو یارک ٹائمز پر شدید تنقید

10 جولائی 2011

پاکستانی فوج کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کے کردار اور پاکستان کی سب سے اہم خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے بارے میں نیو یارک ٹائمز میں شائع ہونے والی تنقیدی رپورٹیں پاکستان کی سلامتی پر براہ راست حملے کے مترادف ہیں۔

https://p.dw.com/p/11sPu
تصویر: AP

راولپنڈی سے آمدہ رپورٹوں کے مطابق پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے یہ بات خبر ایجنسی روئٹرز کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہی۔ اس انٹرویو میں پاکستانی فوج کے ترجمان اعلیٰ نے نیو یارک ٹائمز کی گزشتہ کچھ عرصے کے دوران شائع ہونے والی پاکستان سے متعلق رپورٹوں پر بار بار کھلے لفظوں میں تنقید کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے بارے میں نیو یارک ٹائمز کی موجودہ تنقیدی رپورٹنگ امریکہ کے اس نپے تلے منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد ایک ریاست کے طور پر پاکستان کو کمزور بنانا ہے۔

میجر جنرل اطہر عباس کے بقول، ’’یہ پاکستان کے سکیورٹی ادارے اور خفیہ ایجنسیوں پر براہ راست حملہ ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایس آئی کو اپنی ایک اسٹریٹیجک انٹیلیجنس ایجنسی تصور کرتا ہے، جو پاکستان کے لیے پہلی ڈیفنس لائن کا کام کرتی ہے۔

NO FLASH US Drohne
پاکستانی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں پر بھی پاکستان میں شدید غصہ پایا جاتا ہےتصویر: picture alliance/dpa

میجر جنرل عباس نے روئٹرز کو بتایا کہ میڈیا میں شائع ہونے والی ایسی رپورٹیں، خاص کر امریکی میڈیا کی رپورٹیں، جن میں مختلف واقعات کے بارے میں سرکاری یا سکیورٹی اہلکاروں کے نام لیے بغیر حوالے دیے جاتے ہیں یا گمنام ذرائع کی بات کی جاتی ہے، یہ مہم اس منصوبے کا حصہ ہے، جو پاکستانی فوج اور آئی ایس آئی کی ساکھ اور حیثیت خراب کرنے کے لیے بنایا گیا ہے اور جس کا اولین مقصد پاکستان کو ایک ریاست کے طور پر کمزور بنانا ہے۔‘‘

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں