پاکستانی کرکٹ کپتان محمد حفیظ مستعفی
3 اپریل 2014نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق محمد حفیظ نے جمعرات کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کے ساتھ ملاقات کی، جسے اُنہوں نے ایک خوشگوار ملاقات قرار دیا۔
صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے 33 سالہ محمد حفیظ نے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کمزور کارکردگی کی تمام تر ذمے داری قبول کرتے ہیں اور یہ کہ مستعفی ہونے کا فیصلہ اُنہوں نے خود کیا ہے:’’مجھ پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے لیکن مجھے ذمے داری محسوس کرتے ہوئے اپنا عہدہ چھوڑ دینا چاہیے، اب ٹیم کی قیادت کون کرے گا، یہ فیصلہ کرنا اب پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) کا کام ہے۔‘‘
واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے منگل کو کھیلے جانے والے ایک میچ میں پاکستان کو چوراسی رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا اور خود سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔ 2007ء کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن ٹیم پاکستان 167 رنز کے تعاقب میں صرف بیاسی رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
کپتان کی حیثیت سے اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے محمد حفیظ نے یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان کی وَن ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان کی حیثیت سے بھی مستعفی ہو رہے ہیں لیکن یہ کہ وہ تینوں فارمیٹس میں کسی بھی کپتان کی قیادت میں پاکستان کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔
پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ معین خان نے حفیظ کے فیصلے کو سراہا لیکن یہ بات تسلیم کی کہ ٹیم بھرپور کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے۔ معین خان نے کہا کہ کرکٹ شائقین کو صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور صرف ایک شکست پر پوری ٹیم کو رَد نہیں کر دینا چاہیے۔