نیلامی میں فروخت ہونے والی دنیا کی مہنگی ترین مرسیڈیز بینز
20 مئی 2022کار بنانے والی دنیا کی معروف جرمن کمپنی مرسیڈیز بینز نے اعلان کیا ہے کہ سن 1955 میں تیار کی گئی اس کی ایک ونٹیج کار ’’300 ایس ایل ایس آر اوہلن ہاٹ کوپے‘‘ نیلامی میں 143 ملین یعنی تقریباً سوا چودہ کروڑ ڈالر میں فروخت ہوئی اور اس طرح وہ دنیا کی مہنگی ترین کار بن گئی ہے۔
کمپنی کے پاس اس ماڈل کی دو نایاب کاریں تھیں، جس میں سے ایک ابھی اس کے میوزیم میں محفوظ ہے۔
اس کار کے دروازے پرندے کے پروں کی طرح ہیں اور گاڑی کی باڈی بہت چکنی ہے۔ کار کے انجینیئر روڈولف اوہلن ہاٹ کے نام پر اس کار کا نام پڑا تھا۔ کارکی نیلامی پانچ مئی کو اشٹٹ گارٹ میں واقع مرسیڈیز بینز کار کے میوزیم میں ہوئی۔
’’300 ایس ایل ایس آر اوہلن ہاٹ کوپے‘‘ نامی اسی ماڈل کی ایک اور کار بھی کمپنی کے پاس ہے، تاہم وہ میوزیم میں موجود رہے گی۔ کمپنی کے اپنے اس میوزیم میں سن 1886 سے لے کر دور جدید تک کی تقریبا گیارہ سو نایاب کاریں موجود ہیں۔
مرسدڈیز بینز کے انتظامی بورڈ کے چیئرمین نے کہا ’’اوہلن ہاٹ کوپے ماڈل کی کاریں، اسپورٹس کار کی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں اور یہ ایک اہم تاریخی پیش رفت تھی۔‘‘
نیلامی سے حاصل ہونے والی اس رقم سے کمپنی کے اس بین الاقوامی اسکالرشپ پروگرام کو فائدہ پہنچے گا، جو بینز چلاتی ہے۔ اس اسکالرشپ کا مقصد ایسی جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے جو کم سے کم کاربن پیدا کرے اور وسائل کے تحفظ میں معاون ثابت ہو۔
ص ز/ ک م (اے پی، ڈی پی اے)