1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پناہ کے نئے یورپی قوانین جون میں تیار ہو جائیں گے‘

شمشیر حیدر dpa/AP/AFP
25 جنوری 2018

یورپی یونین رواں برس کے وسط تک یونین میں پناہ کے یکساں قوانین بنانے کی کوشش میں ہے۔ تاہم مشرقی اور مغربی یورپ کے ممالک کے مابین مہاجرین کی تقسیم سمیت کئی امور پر اختلافات برقرار ہیں۔

https://p.dw.com/p/2rUtN
Großbritannien Symbolbild Brexit, EU-Flagge in London
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Mcnaught

موجودہ ششماہی کے لیے یورپی یونین کی صدارت بلغاریہ کے پاس ہے جس کی مدت تیس جون کو ختم ہو جائے گی۔ یورپی یونین اسی ششماہی کے دوران یونین بھر میں سیاسی پناہ کے یکساں قوانین متعارف کرانا چاہتی ہے۔ تاہم بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ میں یونین کے وزرائے داخلہ کا اجلاس شروع ہوا تو خاص طور پر یونین میں مہاجرین کی تقسیم کے معاملے پر ارکان کے اختلافات نمایاں دکھائی دیے۔

مزید پڑھیے: مہاجرین کے بحران کا مقابلہ مل کر، جنوبی یورپی ممالک کا اصرار

مزید پڑھیے: جرمنی سے نکالے گئے پاکستانی واپس اسلام آباد پہنچ گئے

بلغاریہ کے وزیر داخلہ ویلنٹین راڈیف کا کہنا تھا کہ وہ بلغارین صدارت کے دوران رکن ممالک میں مہاجرین کی تقسیم کے معاملے پر پائے جانے والے اختلافات کے خاتمے کے لیے کوئی درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش میں ہیں۔

ہنگری، پولینڈ، چیک جمہوریہ اور سلوواکیہ جیسے مشرقی یورپ کے ممالک یورپی کمیشن کے مہاجرین کی منصفانہ تقسیم کا منصوبہ قبول کرنے پر تیار نہیں ہیں۔ یورپ کا رخ کرنے والے تارکین وطن اور مہاجرین کی اکثریت اٹلی اور یونان پہنچتی ہے۔ لازمی کوٹے کے تحت ان تارکین وطن کی دیگر یورپی ممالک منتقلی کے منصوبے کا مقصد ان دونوں ممالک پر دباؤ کم کرنا ہے۔

یورپی کمیشن نے لازمی تقسیم کا منصوبہ سن 2015 میں شروع کیا تھا تاہم مشرقی یورپ کے کئی ممالک اپنے ہاں زیادہ تر مشرق وسطیٰ کے مسلم اکثریتی ممالک سے آنے والے مہاجرین کو پناہ دینے کے لیے رضا مند نہیں ہیں۔ انہی اختلافات کے باعث گزشتہ تین برسوں سے یورپی یونین کی سطح پر پناہ کے یکساں قوانین لاگو کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

Infografik Fluchtrouten EU ENG
یورپ پہنچنے کے لیے تارکین وطن مختلف راستے اختیار کرتے ہیں

گزشتہ ماہ برسلز میں یونین کے سربراہان کے ایک اجلاس میں یہ طے کیا گیا تھا کہ نئے یورپی قوانین رواں سہ ماہی کے دوران تیار کیے جائیں گے۔ اس نئی ڈیڈ لائن کے تناظر میں یونین کے ارکان باہمی اختلافات جلد از جلد ختم کرنے کی کوششوں میں ہیں۔

یورپی یونین کے مہاجرت کے امور سے متعلق کمشنر دیمیتریس افراموپولوس نے یونین کے وزرائے داخلہ کے اجلاس سے قبل خبردار کیا ہے کہ یونین کے ترکی اور لیبیا کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کے باعث فی الوقت یورپ کا رخ کرنے والے مہاجرین کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک سے مزید تارکین وطن بڑی تعداد میں یورپ کا رخ کر سکتے ہیں۔ افراموپولوس کا کہنا تھا کہ ایسی صورت حال میں یونین کی بیرونی سرحدوں پر واقع رکن ممالک کو ایک مرتبہ پھر شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مزید پڑھیے: غلطی سے جرمنی بدر کیا گیا مہاجر واپس

مزید پڑھیے: فرانس: پناہ کے مسترد درخواست گزاروں کے خلاف زیادہ سخت قوانین