1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پہلا ون ڈے محمد حفیظ کے نام

عابد حسین11 جولائی 2015

سری لنکا کے دورے پر گئی ہوئی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے میزبان ٹیم کو پہلے ایک روزہ میں میچ میں چھ وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کی فتح میں محمد حفیظ کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی نے اہم ترین کردار ادا کیا۔

https://p.dw.com/p/1FxDq
محمد حفیظ سینچری بنانے کے بعد آؤٹ ہو کر جاتے ہوئےتصویر: AP

سری لنکا کے دورے پر گئی ہوئی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے میزبان ٹیم کو پہلے ایک روزہ میں میچ میں چھ وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کی فتح میں محمد حفیظ کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی نے اہم ترین کردار ادا کیا۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی۔ پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکن ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 255 رنز بنا سکی اور اس نے پاکستان کو جیت کے لیے 256 رنز کا ہدف دیا جو پاکستانی ٹیم نے چھیالیسویں اوور میں حاصل کر لیا۔ پاکستانی اننگز کی خاص بات محمد حفیظ کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی ہے۔ پہلے بولنگ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کے چار کھلاڑیوں کو 41 رنز دے کر آؤٹ کیا اور بعد میں پاکستانی اننگز میں شاندار سنچری اسکور کی۔ اِس جیت سے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستانی ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ انہوں نے اپنی سنچری مکمل کرتے ہوئے 103 رنز بنائے۔ اِس میں دس چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ بعد میں شعیب ملک نے اپنی ٹیم کو ناٹ آؤٹ نصف سنچری بناتے ہوئے فتح سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے 55 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے کپتان اظہر علی 21، احمد شہزاد 29، بابر اعظم 25 اور محمد رضوان ناٹ آؤٹ 20 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

Mohammad Hafeez
حفیظ نے چار کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیاتصویر: AFP/Getty Images/A. Qureshi

قبل ازیں سری لنکن ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 255 رنز بنا سکی۔ سری لنکن اننگز میں سب سے اہم کارکردگی چندی مَل کی نصف سنچری تھی۔ پاکستان کی جانب سے بولنگ کرواتے ہوئے حفیظ نے چار اور راحت علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک ایک وکٹ یاسر شاہ اور انورعلی نے حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیلڈنگ میں بھی عمدہ پرفارمنس دی۔ اس میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو خاص طور پر مبصرین نے سراہا۔

اظہر علی نے کہا کہ محمد حفیظ نے شاندار پرفارمنس دی اور سری لنکن ٹیم کو 255 رنز تک محدود کرنا بھی ایک بڑی کامیابی تھی۔ اظہر نے اپنے بولرز کی پرفارمنس کو سراہا کہ وہ میزبان ٹیم کو بڑے اسکور سے دور رکھنے میں کامیاب رہے۔ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی بیٹسمینوں کو بولنگ کے دوران کھل کر کھیلنے سے روک نہیں سکے اور اُن کی ٹیم اگلے میچوں میں واپس آتے ہوئے کینڈی کے میچ کو جیتنے کی کوشش کرے گی۔ محمد حفیظ نے میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد سیریز کی کامیابی کا تسلسل ایک روز میچوں کی سیریز میں بھی جاری رکھنا چاہتے تھے اور ساری ٹیم اِس میں کامیاب رہی۔

پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ پالی کیلے میں 15 جولائی کو کھیلا جائے گا۔