1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پہلا ون ڈے پاکستان کے نام

عاطف بلوچ9 دسمبر 2014

نوجوان کھلاڑی حارث سہیل اور بوم بوم آفریدی کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے دبئی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1E1Bm
تصویر: Dibyangshu Sarkar/AFP/Getty Images

متحدہ عرب امارت میں جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سلسلے میں پیر کے دن دبئی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں پر 246 رنز بنائے جبکہ پاکستان نے 49.3 اوورز میں 250 رنز بنا کر اس سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی۔

اپنے بین الاقوامی کیریئر کا پانچواں میچ کھیلنے والے پچیس سالہ حارث سہیل نے 85 رنز بنائے۔ اپنے ایک روزہ میچوں کے اس بہترین اسکور میں انہوں نے ایک چھکا اور پانچ چوکے لگائے۔ مشکل وقت میں کریز پر آنے والے شاہد خان آفریدی نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور اکاون گیندوں پر اکسٹھ رنز بنائے۔ ان دونوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 110 رنز بنائے۔ آفریدی جب بلے بازی کے لیے میدان میں اترے تو اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 124 تھا اور چھ بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

Flash-Galerie Cricket Ross Taylor
راس ٹیلر نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 105 رنز بنائےتصویر: AP

قبل ازیں نیوزی لینڈ کے بلے باز راس ٹیلر نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 105 رنز بنائے۔ خاص بات یہ تھی کہ تین مسلسل میچوں میں ان کی یہ تیسری سنچری تھی۔ یوں وہ نیوزی لینڈ کے ایسے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے تین اننگز میں مسلسل تین سنچریاں بنانے کا یہ منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔

جیت کے بعد پاکستانی کپتان مصباح الحق نے کہا، ’’جس طرح حارث اور شاہد نے کھیل پیش کیا، وہ یقینی طور پر ایک انتہائی اعلیٰ پرفارمنس تھی۔‘‘ انہوں ںے مزید کہا کہ چونکہ عالمی کپ سے قبل یہ آخری سیریز ہے، اس لیے مختلف آپشنز کو پرکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور آئندہ میچوں میں مزید تجربات کیے جائیں گے۔

محمد حفیظ کی بولنگ پر پابندی کے بعد اس میچ میں وہ بطور بلے باز میدان میں اترے جبکہ ان کی جگہ بولنگ کے فرائض حارث سہیل نے سرانجام دیے۔ انہوں نے دس اوورز میں صرف انتالیس رنز دے کر فیلڈ میں بھی انتہائی عمدہ کارکردگی دکھائی۔ اسی بنیاد پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان کی طرف سے کامیاب ترین بولر محمد عرفان رہے، جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ وہاب ریاض کو دو اور شاہد آفریدی کو ایک وکٹ ملی۔

مہمان ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا، ’’میرے خیال میں راس ٹیلر کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ہم نے ایک اچھا ٹوٹل بنا لیا تھا۔ لیکن ہم بولنگ میں کوئی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور وہ جیتنے کے مستحق تھے۔

اس پانچ ایک روزہ میچوں کے سلسلے میں دوسرا میچ جمعے کے دن شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلی گئی تین ٹیسٹ اور دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز برابر رہی تھی۔