پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے سری لنکا کو انتیس رنز سے ہرا دیا
30 جولائی 2015سری لنکا کی ٹیم کو فتح کے لیے 176 رنز کا ٹارگٹ ملا تھا اور اسے اپنی اننگز کے شروع میں ہی بڑے نقصان اٹھانا پڑے۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں چار کے اسکور پر اور دوسری دوسرے اوور میں تیرہ کے مجموعی اسکور پر گری۔ میزبان ٹیم کی تیسری وکٹ چوتھے اوور کے آغاز پر اس وقت گری جب مجموعی اسکور ابھی صرف 19 تھا۔
سری لنکا کے نمایاں بلے باز ڈی سلوا، میتھیوز، سری وردھنا اور کاپوگیدیرا رہے، جنہوں نے بالترتیب اکتیس، تئیس، پینتیس اور اکتیس رنز بنائے۔ کاپوگیدیرا آخر تک ناٹ آؤٹ رہے۔ مجموعی طور پر سری لنکا نے بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے اور یوں پاکستانی ٹیم نے یہ میچ 29 رنز سے جیت لیا۔
پاکستان کی طرف سے سب سے کامیاب بولر سہیل تنویر رہے، جنہوں نے 29 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ انور علی نے ستائیس رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم اور شعیب ملک کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
قبل ازیں پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مہمان ٹیم مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ پاکستان کی طرف سے تین کھلاڑی 46 کا انفرادی اسکور بنانے میں کامیاب رہے۔ ان میں سے احمد شہزاد پریرا کی گیند پر ملِنگا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اور بہت تیز رفتار اننگز کھیلنے والے عمر اکمل مِلنگا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ شعیب ملک 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمر اکمل کے چوبیس گیندوں پر چھیالیس رنز میں تین چوکے اور تین چھکے بھی شامل تھے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ دس کے مجموعی اسکور پر گری جب مختار احمد دو رنز کے ذاتی اسکور پر واپس پویلین لوٹ گئے۔ محمد حفیظ سترہ کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی ایک چھکے کے ساتھ آٹھ رنز بنا کر فرنانڈو کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
کولمبو کے پریماداسا اسٹیدیم میں ہونے والے اس میچ میں سری لنکا کی طرف سے پریرا نے چار اوورز میں 30 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مِلنگا سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، جنہوں نے چار اوورز میں 46 رنز دے کر صرف ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس پہلے میچ میں فتح کے بعد پاکستانی ٹیم کو دو میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین اس فارمیٹ کی کرکٹ سیریز کا دوسرا میچ کولمبو ہی میں ہفتہ یکم اگست کو کھیلا جائے گا، جو پاکستانی ٹیم کے موجودہ دورہ سری لنکا کا آخری میچ ہو گا۔