پہلے ٹیسٹ کا دوسرا دن: آسٹریلیا کے بغیر کسی نقصان کے 113 رنز
23 اکتوبر 2014آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں اب تک 31 اوورز کھیلے ہیں اور اس کے دونوں اوپنرز ابھی تک کریز پر ہیں۔ روجرز 31 رنز پر اور وارنر 75 کے ذاتی اسکور پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
آج دوسرے دن کا کھیل شروع ہونے پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 219 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی۔ اس وقت کپتان مصباح الحق 34 کے ذاتی اسکور پر تھے۔ مصباح الحق دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں اسمتھ کی گیند پر جانسن نے کیچ آؤٹ کیا۔ جب پاکستانی کپتان آؤٹ ہوئے تو ان کی ٹیم کا مجموعی اسکور 291 تھا۔ اسد شفیق نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 89 رنز بنائے اور وہ اوکیف کی گیند پر مارش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے اپنی ٹیم کے لیے شاندار اننگز کھیلی اور 105 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے۔ انہیں لیون کی گیند پر ہیڈن نے اسٹمپ کیا۔ سرفراز احمد پاکستان کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے دوسرے کھلاڑی تھے، جن کا انفرادی اسکور بھی سب سے زیادہ رہا۔ اسی اننگز میں کل پہلے دن یونس خان 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
پاکستان کی طرف سے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے یاسر شاہ نے دو رنز بنائے جبکہ عمران خان صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ ذوالفقار بابر زخمی ہو جانے کے باعث ریٹائر ہونے پر مجبور ہو گئے جبکہ راحت علی بغیر کوئی رن اسکور کیے لیون کی گیند پر روجرز کے ہاتھوں کیچ ہو کر واپس پویلین پہنچے۔
اس طرح 145 اوورز میں پاکستان کی پوری ٹیم 454 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جن میں یونس خان اور سرفراز احمد کی سنچریاں جبکہ اظہر علی، مصباح الحق اور اسد شفیق کی نصف سنچریاں شامل ہیں۔
آسٹریلیا کی طرف سے جانسن نے تین، اوکیف اور لیون نے دو دو جبکہ سِڈل، اور اسمتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی اننگز کے دوران آسٹریلیا کی طرف سے جانسن نے نہ صرف تین وکٹیں حاصل کیں بلکہ بولر کے طور پر ان کا فی اوور رن ریٹ بھی سب سے کم تھا۔ انہوں نے 31 اوورز میں صرف 39 رنز دیے۔
آسٹریلوی اننگز کے دوران پاکستان کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ اوورز محمد حفیظ نے کرائے، جنہوں نے اپنے 10 اوورز میں صرف 18 رنز دیے۔
دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم کے اسکور سے 341 رنز پیچھے تھی اور اس کی تمام وکٹیں ابھی محفوظ ہیں۔