1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی سی بی: کرپشن کی تحقیقات، آل راؤنڈر محمد نواز کی بھی طلبی

مقبول ملک (Reuters)
9 مئی 2017

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ میں کرپشن کے خلاف جاری تحقیقات کے سلسلے میں اب آل راؤنڈر محمد نواز کو بھی طلب کر لیا ہے۔ ایک بیان کے مطابق نواز کو بورڈ کے سکیورٹی اور نگرانی کے شعبے کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2cdrN
Pakistan Mohammad Nawaz Cricket Team
تصویر: DW/T.Saeed

پاکستان کے شہر لاہور سے، جہاں قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر دفاتر قائم ہیں، منگل نو مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پی سی بی کی طرف سے کرکٹ میں بدعنوانی کے خلاف جاری تفتیشی عمل کے دوران اب آل راؤنڈر محمد نواز کو بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ اس ادارے کے سکیورٹی اور نگرانی کے شعبے کے عہدیداروں کے سامنے پیش ہو۔

Mohammad Nawaz Cricket Pakistan
پاکستانی آل راؤنڈر محمد نوازتصویر: PCB

بورڈ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، ’’محمد نواز کو نوٹس دیا گیا ہے کہ وہ پی سی بی کے سکیورٹی اور نگرانی کے شعبے کے سامنے انٹرویو کے لیے پیش ہو تاکہ اس کی طرف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی چھان بین کی جا سکے۔‘‘

پی سی بی، جو پاکستان میں کرکٹ کے کھیل کا نگران ملکی ادارہ ہے، پہلے ہی متعدد کھلاڑیوں کے خلاف پاکستان سپر لیگ نامی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیزن کے دوران کرپشن کے الزامات کی تفتیش کر رہا ہے۔

اس سلسلے میں متعدد کھلاڑیوں کو معطل بھی کیا جا چکا ہے، جن میں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید اور شاہ زیب حسن شامل ہیں۔

اس سال مارچ میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے معروف فاسٹ بولر محمد عرفان کو اسی سلسلے میں اس سال کے لیے معطل کر دیا تھا۔

اس کی وجہ یہ بنی تھی کہ عرفان نے بورڈ کو اس بارے میں آگاہ نہیں کیا تھا کہ کرپشن کی پیشکش کے ساتھ بک میکرز نے دو مرتبہ اس بہت دراز قد بولر سے رابطہ کیا تھا۔
محمد نواز کا شمار پاکستان میں کرکٹ کے ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنی آل راؤنڈ کارکردگی کے ساتھ بہت جلد سلیکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کا قائل کر لیا تھا۔