1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چائنیز گراں پری میں لوئیس ہملٹن کی جیت

17 اپریل 2011

فارمولا ون سیزن کی تیسری ریس آج چینی شہر شنگھائی میں مکمل ہو گئی۔ پول پوزیشن پر پہلی پوزیشن کے حامل جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل مسلسل پانچویں ریس جیتنے میں ناکام رہے۔ اس بار کامیابی لوئیس ہملٹن کے حصے میں آئی۔

https://p.dw.com/p/10v1J
لوئیس ہملٹنتصویر: AP

چین کے مالیاتی مرکز شنگھائی میں اس سال کی تیسری فارمولا ون ریس مکمل ہو گئی ہے۔ اس ریس کے دوران ٹریک کے کل چھپن راؤنڈ کو ڈرائیوروں نے مکمل کیا۔ یوں تو ساری ریس کے دوران پوزیشنوں میں اتار چڑھاؤ آتا رہا لیکن آخری چار چکر اہم تھے۔ انہیں میں ہملٹن نے فیٹل پر سبقت حاصل کی اور آخر کار فتح بھی ان کے حصے میں آئی۔ برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن نے سیباستیان فیٹل کو ایک زوردار مقابلے کے بعد شکست دی۔ ہملٹن میک لارن گاڑی پر سوار تھے۔ فیٹل دوسرے مقام پر رہے۔ تیسری پوزیشن فیٹل کے ساتھی مارک ویبر کو حاصل ہوئی۔ ان کی یہ شاندار پرفارمنس ہے کیونکہ ریس شروع ہوتے وقت وہ اٹھارہویں پوزیشن پر کھڑے تھے۔

پول پوزیشن پر پہلے مقام پر کھڑے سیباستیان فیٹل نے ریس کا آغاز شاندار انداز میں کیا۔ ریس کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا، جب جرمن گاڑی مرسیڈیز کے دونوں ڈرائیور ٹاپ ٹین میں تھے۔ ان میں نیکو روزبیرگ اور میشائل شوماخر شامل تھے۔ ریٹائرمنٹ ختم کرنے کے بعد شوماخر نے ریس کے ابتدائی راؤنڈ میں انتہائی مناسب کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بیس راؤنڈ مکمل ہونے پر شوماخر کی پوزیشن چھٹی تھی۔ ریس کے مکمل ہونے پر شوماخر کو آٹھویں پوزیشن حاصل ہوئی۔ ان کے ساتھی نیکو روزبیرگ پانچویں مقام پر رہے۔

Formel 1 GP Deutschland Lewis Hamilton
لوئیس ہملٹن اپنی موٹر گاڑی پرتصویر: picture-alliance/dpa

پول پوزیشن پر پہلے تین مقامات پر فیٹل، بٹن اور ہملٹن تھے۔ ریس کے دوران یہ تینوں ڈرائیور مسلسل ایک دوسرے کے آگے پیچھے رہے۔ فیٹل نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے روزبیرگ کو پیچھے چھوڑا۔ چھبیسویں چکر کے مکمل ہونے پر فیٹل نے ایک بار پھر سبقت حاصل کر لی تھی۔ لیکن بعد میں برازیل کے ڈرائیور فلپ میسا نے جرمن ڈرائیور کو کچھ دیر کے لیے پچھاڑا ضرور لیکن وہ اپنی برتری قائم نہ رکھ سکے۔ مجموعی طور پر چائنیز گراں پری سنسنی خیزی سے عبارت تھی۔

ڈرائیور چیمپیئن شپ میں جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل کو ابھی بھی سبقت حاصل ہے۔ فیٹل کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 68 ہو گئی ہے۔ ان کے قریب ترین حریف برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن ہیں، جن کے کل پوائنٹس کی تعداد 47 ہے۔ سیباستیان فیٹل دفاعی چیمپیئن بھی ہیں۔

فارمولا ون کار ریسنگ میں اگلی ریس ترکی میں ہو گی۔ آٹھ مئی کے روز ٹرکش گراں پری کی میزبانی تاریخی شہر استنبول کو حاصل ہو گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں