1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چاڈ میں خود کش حملے، کم از کم تیئس ہلاکتیں

عدنان اسحاق15 جون 2015

چاڈ میں پیر کو ہونے والے خود کش حملوں میں کم از کم تیئس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان حملوں کا نشانہ اس افریقی ملک کی پولیس تھی۔

https://p.dw.com/p/1FheT
تصویر: Reuters/M. Ngarmbassa

چاڈ کے سرکاری ریڈیو کے مطابق دارالحکومت انجامینامیں قائم پولیس ہیڈ کوارٹر اور پولیس اکیڈمی کے باہر ہونے والے ان خود کش حملوں میں سو سے زائد افراد زخمی ہیں، جن میں سے متعدد کی حالت سنگین ہے۔ تفصیلات کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور ان افراد نے ایک مختصر کے وقفے سے ان عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ ابھی تک کسی بھی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم حکام کوشبہ ہے کہ ان واقعات کے پیچھے بوکو حرام کا ہاتھ ہے۔

چاڈ کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے، جو شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے خلاف بنائی جانے والی مشترکہ فوج میں شامل ہے۔ حکام کے بقول یہ حملے اسی کا رد عمل بھی ہو سکتے ہیں۔ پڑوسی ملک نائجیریا میں موجود شدت پسند تنظیم بوکو حرام اس سے قبل بھی سرحد پر موجود چاڈ کے کئی دیہات کو نشانہ بنا چکا ہے۔

Symbolbild Soldaten Nigeria
تصویر: Getty Images/AFP/I. Sanogo

چاڈ کے وزیر اطلاعات حسن سائلا بکری نے پیر کے روز ہونے والے حملے کو ایک انتہائی وحشیانہ کارروائی قرار دیا۔’’ یہ حملے چاڈ حکومت کے بوکو حرام کے خلاف ارادوں کو کمزور کرنے اور شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے لیے کیے گئے ہیں تاہم حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے اپنے ارادوں پر قائم رہے گی۔

بوکو حرام شمالی نائجیریا میں ایک مسلم ریاست کے قیام کی کوششوں میں ہے اور اس دوران اس شدت پسند تنظیم نے اپنے حملوں کا دائرہ پڑوسی ممالک چاڈ، نائجر اور کیمرون تک بڑھا دیا ہے۔ اس کے بعد فرانس کی سابق نوآبادی چاڈ نے ان ممالک کے ساتھ مل کر عسکریت پسندی پر قابو پانے کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق رائے کیا تھا۔ پیرس حکومت نے بھی ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ’’ اس موقع پر فرانس چاڈ اور ان ساتھیوں کے ساتھ کھڑا ہے، جو دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں مصروف ہیں۔‘‘ پیر کے روز بوکو حرام نے شمال مشرقی نائجیریا دو خود کش حملے کیے، جن کی زد میں آ کر کم از کم گیارہ افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔