چيمپئنز ليگ: بائرن ميونخ کی فتوحات کا سلسلہ جاری
24 اکتوبر 2013جرمن شہر ميونخ ميں بدھ تئیس اکتوبر کو کھيلے گئے ایک ميچ ميں ميزبان ٹيم بائرن ميونخ نے کاميابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے ليے کواليفائی کرنے کے اپنے امکانات کافی روشن کر ليے ہيں۔ بائرن کی ٹيم اس ميچ پر پوری طرح حاوی رہی۔
ميزبان ٹيم کے ليے ميچ کا پہلا گول کھيل کے پچيسويں منٹ ميں فرانک ربیری نے کيا۔ سينتيسويں منٹ ميں ڈيوڈ الابا نے اپنی ٹيم کی برتری کو دو صفر تک پہنچا ديا۔ بعد ازاں ربیری نے تيسرا، باسٹيان شوائن اشٹائگر نے چوتھا اور ماريو گوئٹزے نے پانچواں گول کيا۔
دفاعی چيمپئن بائرن ميونخ نے ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے ميں اب تک کھيلے گئے اپنے تينوں ميچوں ميں کاميابی حاصل کر لی ہے اور يوں يہ جرمن کلب گروپ ڈی ميں نو پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔
دريں اثناء يورپی چيمپئنز ليگ فٹ بال ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے ميں گزشتہ رات ہی کھيلے گئے ايک اور ميچ ميں فرانس کے کلب پيرس سينٹ جرمين نے بھی اپنی حريف ٹيم کے چھکے چھڑا ديے۔ اس ميچ ميں فرانسيسی کلب نے اپنے کھلاڑی ذلاٹان ابراہيمووچ کے چار گول کی مدد سے بيلجئم کے کلب کو پانچ صفر سے مات دے دی۔
ادھر مشہور ہسپانوی کلب ريئل ميڈرڈ نے اسٹار کھلاڑی کرسٹيانو رونالڈو کے دو گولوں کی مدد سے اطالوی کلب يوونٹس کو ايک کے مقابلے ميں دو گول سے ہرا ديا۔ تئیس اکتوبر کو کھيلے گئے ديگر ميچوں ميں انگلش کلب مانچسٹر يونائٹڈ نے ايک اور ہسپانوی کلب ريئل سوسيڈاڈ کو ايک صفر سے جب کہ ايک اور برطانوی کلب مانچسٹر سٹی نے اپنی حريف جرمن ٹيم ’سی ايس کے اے‘ ماسکو کو دو ايک سے ہرا ديا۔ جرمن کلب بائر ليورکوزن نے يوکرائن کے فٹ بال کلب شاختر ڈونيٹسک کو چار صفر سے جب کہ ترکی کی ٹيم گالاتاسارے نے کوپن ہيگن کی ٹيم کو ايک کے مقابلے ميں تين گول سے شکست دی۔ پرتگالی ٹيم بينفيکا اور يونانی ٹيم اولمپياکوس کے مابين کھيلا جانے والا ميچ ايک ايک گول سے برابر رہا۔
آئندہ ہفتے ان تمام ٹيموں کے مابين دوسرے ليگ کے ميچز کھيلے جائيں گے اور امکان ہے کہ کئی ٹيميں، بالخصوص وہ ٹيميں جو اب تک اپنے تينوں ميچ جيت چکی ہيں، ان ميچوں ميں کاميابی حاصل کرتے ہوئے يورپی چيمپئنز ليگ فٹ بال ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليں گی۔
واضح رہے کہ چيمپئنز ليگ ميں منگل بائيس اکتوبر کی شب کھيلے گئے اہم ميچوں ميں جرمن کلب شالکے کو برطانوی کلب چيلسی کے ہاتھوں تين صفر سے شکست کا منہ ديکھنا پڑا جب کہ اسی اثناء ميں ايک اور جرمن کلب ڈورٹمنڈ نے ايک اور انگلش کلب آرسنل کو ايک کے مقابلے ميں دو گول سے ہرا ديا تھا۔ ہسپانوی کلب بارسلونا اور اطالوی کلب اے سی ملان کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔