1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چيمپئنز ليگ فائنل ميں ريئل ميڈرڈ کا سامنا اٹليٹيکو ميڈرڈ سے

عاصم سلیم1 مئی 2014

ريئل ميڈرڈ اور اٹليٹيکو ميڈرڈ نے يورپی فٹ بال ٹورنامنٹ چيمپئنز ليگ کے فائنل کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ يہ چيمپئنز ليگ کی تاريخ ميں پہلا موقع ہے کہ ايک ہی شہر کے دو حريف کلب فائنل ميں ايک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔

https://p.dw.com/p/1Brok
تصویر: Adrian Dennis/AFP/Getty Images

برطانيہ کے شہر لندن کے اسٹيمفرڈ برج اسٹيڈيم ميں بدھ کی شب کھيلے جانے والے چيمپئنز ليگ کے ایک سيمی فائنل مقابلے کے دوسرے مرحلے ميں مہمان ٹيم اٹليٹيکو ميڈرڈ نے ميزبان ٹيم چيلسی کو تين کے مقابلے ميں ايک گول سے شکست ديتے ہوئے فائنل کے ليے کواليفائی کر لیا ہے۔

تيس اپريل کی رات کھيلے جانے والے اِس ميچ ميں مخالف ٹيم کے سابق اور اِن دنوں چيلسی کے ليے کھيلنے والے اسٹرائيکر فرنانڈو ٹوریس نے چھتيسويں منٹ ميں گول کر کے اپنی ٹيم کو برتری دلوا دی تاہم يہ برتری محض آٹھ منٹوں ہی تک برقرار رہی۔ ميڈرڈ کے ليے پہلے ہاف کے اختتامی لمحات ميں ايڈرين لوپيز نے پينلٹی کِک پر گول اسکور کرتے ہوئے اسکور برابر کر ديا۔ دوسرے ہاف ميں مہمان ٹيم کے ليے ڈيئيگو کوسٹا اور پھر آرڈا ٹوران نے ايک ايک گول کرتے ہوئے ہسپانوی کلب اٹليٹيکو ميڈرڈ کی جيت کو يقينی بنا ديا۔

Champions League Chelsea FC - Atletico Madrid
اس سے پہلے اٹليٹيکو ميڈرڈ 1974ء ميں چيمپئنز ليگ کے فائنل تک پہنچی تھیتصویر: Getty Images

گزشتہ ہفتے منگل کی شب سيمی فائنل کے پہلے ليگ ميں ميڈرڈ ميں کھيلے جانے والے ميچ ميں دونوں ٹيميں گول کرنے سے قاصر رہی تھيں اور يوں دونوں ليگوں کے بعد مجموعی اسکور تين ايک سے اٹليٹيکو ميڈرڈ کے حق ميں رہا۔

قبل ازيں بدھ انتيس اپريل کی شب دوسرے سيمی فائنل کے دوسرے مرحلے ميں ايک اور ہسپانوی کلب ريئل ميڈرڈ نے جرمن کلب بائرن ميونخ کو چار صفر سے شکست ديتے ہوئے فائنل کے ليے کواليفائی کر ليا تھا۔ ريئل ميڈرڈ نے پہلے مرحلے ميں بھی بائرن کو ايک کے مقابلے ميں صفر گول سے شکست دی تھی۔

ريئل ميڈرڈ کی ٹيم تيرہويں مرتبہ چيمپئنز ليگ کے فائنل تک پہنچی ہے جبکہ يہ ٹيم نو مرتبہ يورپی چيمپئن بھی بن چکی ہے۔ اس کے برعکس اٹليٹيکو ميڈرڈ صرف دوسری مرتبہ ہی اس يورپی ٹورنامنٹ کے فائنل تک پہنچی ہے۔ اس سے پہلے اٹليٹيکو ميڈرڈ 1974ء ميں چيمپئنز ليگ کے فائنل تک پہنچی تھی اور اس ميچ ميں جرمن کلب بائرن ميونخ نے اسے شکست سے دوچار کر ديا تھا۔

چيمپئنز ليگ کے رواں سيزن کا فائنل ميچ چوبيس مئی کے روز پرتگالی شہر لزبن ميں کھيلا جائے گا۔