چیمپئنز لیگ: بائرن سیمی فائنل میں، بارسلونا باہر
10 اپریل 2014جرمن شہر میونخ میں واقع بائرن کے ہوم گراؤنڈ میں انگلش فٹ کلب کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر دفاعی چیمپئن نے سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ جرمن کلب نے کوارٹرفائنل کے دو مرحلوں میں دو کے مقابلے میں چار گول کیے۔ بائرن اور مانچسٹر یونائٹیڈ کے درمیان کھیلے گئے پہلے مرحلے کا کوارٹر فائنل میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔
بدھ کے دن کھیلے گئے اس دوسرے مرحلے کے میچ میں پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ میچ کے پہلے ہاف میں جرمن کلب کا کھیل متاثر کُن نہیں تھا۔ دوسرے ہاف کے بارہویں منٹ میں انگلش کلب مانچسٹر یونائٹیڈ کے پیٹرس ایورا نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس گول نے جرمن کلب کے کھلاڑیوں کے اندر ایک لہر پیدا کر دی اور پہلے ہاف میں قدرے کمزور کھیل پیش کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں نے انگلش ٹیم کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دیے۔
مہمان ٹیم کے گول کے نوے سیکنڈ بعد بائرن کی جانب سے کھیلنے والے کروشیائی فارورڈ ماریو مانجُوکِچ نے گول کر میچ برابر کر دیا۔ اس گول کے تقریباً نومنٹ بعد جرمن قومی ٹیم کے فارورڈ کھلاڑی تھوماس مُؤلر نے بائرن کے لیے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس گول کے بعد بائرن کی جانب سے کھیلنے والے ہالینڈ کے تجربہ کار فارورڈ ارژن روبن نے تیسرا گول کر کے بائرن کی برتری کو مستحکم کر دیا۔
بائرن میونخ نے بدھ کی رات مانچسٹر یونائٹیڈ کے خلاف میچ جیت کر مسلسل تیسری مرتبہ چیمپئنز لیگ کا سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ بائرن میونخ کی ٹیم انگلش کلب کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ میں گزشتہ پانچ میچوں میں شکست سے دوچار نہیں ہوئی ہے۔ ان میچوں میں وہ تین میں کامیاب رہی جبکہ دومیچ برابری پر ختم ہوئے۔ کوارٹر فائنل مرحلے میں ایک اور جرمن کلب ڈورٹمنڈ کو ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ سے ہارنا پڑا۔ ڈورٹمنڈ گزشتہ برس فائنل میچ میں موجودہ دفاعی چیمپئن بائرن سے ایک گول سے ہار گئی تھی۔
رواں برس چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں دو ہسپانوی کلب پہنچے ہیں۔ ان میں ایک ریال میڈرڈ ہے، جو منگل کے روز سیمی فائنل مرحلے میں پہنچا تھا۔ بدھ کی شام ایک اور ہسپانوی کلب ایتلیٹکو میڈرڈ نے حیران کن انداز میں مضبوط فٹ بال کلب بارسلونا کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے راؤنڈ کا کوارٹرفائنل میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔
کوارٹر فائنل مرحلے کے دوسرے راؤنڈ میں بارسلونا کو ایک گول سے شکست ہوئی اور اسے اپ سیٹ قرار دیا گیا ہے۔ بارسلونا میں آج کے دور مشہور فٹ بالر لیونل میسی کھیلتے ہیں اور وہ مسلسل چھٹی مرتبہ ایتلیٹکو کے خلاف ایک گول کرنے میں بھی ناکام رہے۔ چالیس برسوں بعد چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہونے والے ایتلیٹکو کلب کی جانب سے نوجوان کھلاڑی میروڈیو عُرف کوکے نے گول کیا۔
چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میں کون سی ٹیم کس کے ساتھ کھیلے گی، اس کا فیصلہ کل گیارہ اپریل کو سوئٹزرلینڈ کے شہر نیون میں ہو گا۔ یورپی فٹ بال کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے ڈراز کا اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔ سیمی فائنل مرحلے کا پہلا راؤنڈ 22 اور 23 اپریل کو کھیلا جائے گا اور اس کا دوسرا اور حتمی مرحلہ ایک ہفتے کے بعد 29 اور 30 اپریل کو شیڈیول کیا گیا ہے۔