1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ: بائرن میونخ اور بارسلونا سیمی فائنلز میں

4 اپریل 2012

منگل کی شب کھیلے گئے میچوں میں دفاعی چیمپئن ایف سی بارسلونا نے اے سی میلان کو اور بائرن میونخ نے مارسے کو ہرا کر فٹ بال کی چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنلز میں پیش قدمی کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/14XJT
لیونیل میسی
تصویر: picture-alliance/dpa

منگل کو چیمپئنز لیگ میں دو کوارٹر فائنلز کھیلے گئے۔ ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا اور اطالوی کلب اے سی میلان کے درمیان کوارٹر فائنل کی دوسری لیگ کیمپ نو بارسلونا میں کھیلی گئی جس میں دفاعی چیمپئن بارسلونا نے میلان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ گزشتہ ہفتے میلان میں کھیلی گئی پہلی لیگ کا نتیجہ صفر صفر سے برابر رہا تھا۔

دوسرے کوارٹر فائنل میں جرمن کلب بائرن میونخ نے فرانسیسی کلب مارسے کو دو صفر سے شکست دی۔ پہلی لیگ میں بھی میونخ نے مارسے کو دو صفر سے ہرایا تھا لہٰذا یہ کوارٹر فائنل بائرن میونخ کی ٹیم نے مجموعی طور پر چار صفر سے جیت لیا۔

Champions League Viertelfinale FC Bayern München Olympique de Marseille
مجموعی طور پر بائرن میونخ کی ٹیم میچ پر حاوی رہیتصویر: picture-alliance/dpa

امکان یہی ہے کہ میونخ اپنا سیمی فائنل ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کے خلاف کھیلے گا جو کہ کوارٹر فائنل کی پہلی لیگ میں آپوئیل کو تین صفر سے ہرا چکا ہے۔ میڈرڈ کوارٹر فائنل کا دوسرا حصہ آج بدھ کے روز کھیلے گا۔

آج برطانوی کلب چیلسی اور پرتگال کے کلب بینفیکا کے درمیان بھی کوارٹر فائنل کھیلا جائے گا۔ اس کوارٹر فائنل کا پہلا حصہ چیلسی جیت چکا ہے۔ ان دو ٹیموں میں سے جو بھی ٹیم کوارٹر فائنل جیتے گی اس کا سیمی فائنل میں بارسلونا سے مقابلہ ہوگا۔

میونخ کی فتح میں اولچ کے دو گولوں نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ مجموعی طور پر بائرن میونخ کی ٹیم میچ پر حاوی رہی اور مارسے کو گول کرنے کے زیادہ مواقع نہیں ملے۔

Barcelona Milan Champions League 28.03.2012
بارسلونا کو میچ میں فتح کے لیے جدوجہد کرنا پڑیتصویر: Reuters

بارسلونا اور میلان کا میچ انتہائی سخت رہا اور بارسلونا کو میچ میں فتح کے لیے جدوجہد کرنا پڑی۔ اس میچ میں ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے لیونیل میسی نے پینلٹیز پر دو گول کیے جب کہ ایک گول انیاسٹا نے کیا۔ میلان کی جانب سے واحد گول انطونیو نوسیرینو نے کیا۔

تین برسوں سے دنیا کے بہترین فٹ بالر کا لگاتار اعزاز حاصل کرنے والے میسی نے چیمپئنز لیگ میں مجموعی طور پر چودہ گول کر لیے ہیں جو کہ چیمپئنز لیگ میں کسی بھی فٹ بالر کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ ہے۔ اس سیزن میں میسی کے گولوں کی تعداد اٹھاون ہو چکی ہے۔ چوبیس سالہ میسی نے اپنے کیریئر میں چیمپئنز لیگ میں پچاس گول بھی کر لیے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ قبل ازیں انہوں نے لیورکوزن کے خلاف میچ میں پانچ گول کر کے ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔

ss/aa (Reuters, AFP)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید