1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ، بائرن میونخ نے بارسلونا کو تاریخی شکست سے دوچار کر دیا

2 مئی 2013

چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل کی دوسری لیگ میں جرمن کلب بائرن میونخ نے بارسلونا کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/18QIG
تصویر: Lluis Gene/AFP/Getty Images

سیمی فائنل کی پہلی لیگ میں بائرن میونخ نے ہسپانوی کلب بارسلونا کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی تھی۔ اس طرح مجموعی طور پر سیمی فائنل میں بائرن میونخ نے بارسلونا کو صفر کے مقابلے میں سات گول سے ہرایا۔ فائنل میں میونخ کا مقابلہ ڈورٹمنڈ سے ہو گا۔ جرمن کلب ڈورٹمنڈ نے اس سے قبل کھیلے گئے سیمی فائنل کی دونوں لیگز میں میڈرڈ کو مجموعی طور پر تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اب فائنل ميچ کا نتيجہ چاہے کسی بھی ٹيم کے حق ميں ہو، اس برس کی چیمپئنز لیگ ٹرافی جرمنی ہی آئے گی۔

Champions League 2013 Halbfinal Rückspiel FC Barcelona FC Bayern München
اس میچ میں فتح کے بعد بائرن میونخ نے فائنل میں جگہ بنا لی ہےتصویر: Getty Images

بارسلونا کی ٹیم بدھ کی شام سیمی فائنل کی دوسری لیگ کھیلنے کے لیے شہرہ آفاق کھلاڑی لیونل میسی کے بغیر ہی میدان میں اتری تاہم کھیل میں ایسا کوئی بھی موقع نہ آیا کہ جب اس کی جانب سے بائرن میونخ کے گول پر کوئی بڑا حملہ کیا گیا ہو۔ دوسری جانب بائرن میونخ کی ٹیم جو اس سیمی فائنل کی پہلی لیگ میں چار صفر سے برتری لیے ہوئے تھی، انتہائی مربوط انداز میں کھیلتی نظر آئی اور کھلاڑيوں کے درمیان خوبصورت تال میل دکھائی دیا۔

پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی تھی۔ تاہم دوسرے ہاف کے آغاز کے کچھ دیر بعد ہی بائرن میونخ کی جانب سے روبن نے گول کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مزید مضبوط کر دیا۔ کھیل کے 72 ویں منٹ میں بارسلونا کے کھلاڑی Gerard Pique نے اپنے ہی گول میں بال پہنچا دی اور اس طرح بائرن میونخ کی برتری دو صفر ہو گئی۔

اس کے کچھ دیر بعد بائرن میونخ کی جانب سے تھوماس میولر نے ہيڈ کے ذريعے ایک خوبصورت گول کر کے یہ برتری تین صفر اور مجموعی طور پر سات صفر کر دی، جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔

بائرن میونخ اب 25 مئی کو ویمبلی اسٹیڈیم میں چیمپیئز لیگ کے فائنل میں ڈورٹمنڈ کے مدمقابل ہو گی۔

at/as (AP)