1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ: بائرن میونخ نے میڈرڈ کو پچھاڑ دیا

26 اپریل 2012

بدھ کی شب فٹ بال کے ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ میں جرمن کلب بائرن میونخ نے ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کے لیے پیش قدمی کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/14l3t
تصویر: picture-alliance/dpa

سیمی فائنل کا دوسرا حصہ ہسپانوی شہر میڈرڈ میں ریئل میڈرڈ کے ہوم گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔ پہلے حصے میں بائرن میونخ کی ٹیم نے میڈرڈ کو دو ایک سے شکست دی تھی۔ بدھ کی شب کھیلے گئے میچ کا فیصلہ پینیلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جس میں بائرن کا پلہ بھاری رہا۔

میچ کی رفتار ابتدا ہی سے بہت تیز تھی۔ ریئل میڈرڈ کو ابتدائی منٹوں میں ہی ایک پینیلٹی مل گئی جسے پرتگال سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی رونالڈو نے با آسانی گول میں تبدیل کر دیا۔ یوں مجموعی طور پر میڈرڈ اور بائرن کے گول دو دو ہو گئے۔ میونخ کی ٹیم ابتدا میں کچھ بوکھلائی ہوئی دکھائی دی اور کمزور دفاع کے سبب رونالڈو کو ایک اور گول کرنے کا موقع مل گیا۔ تاہم اس کے بعد بائرن میونخ نے سنبھل کر کھیلنا شروع کیا۔ مجموعی طور پر پورے میچ میں میونخ کے پاس گیند زیادہ رہی تاہم اس کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کے آسان مواقع ضائع کیے۔

Champions League Halbfinale Real Madrid FC Bayern München
میونخ کے گول کیپر مانوئل نوئیر میچ کے ہیرو رہےتصویر: Reuters

میچ کے پہلے ہاف کے ختم ہونے سے پہلے بائرن میونخ کے کھلاڑی کے خلاف فاؤل کی پاداش میں میونخ کو پینیلٹی کک ملی جس پر روبن نے گول کر کے میونخ کی ٹیم کو میڈرڈ کے برابر لا کھڑا کیا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے کی کوشش کرتی رہیں تاہم مواقع ملنے کے باوجود کوئی بھی ٹیم اسکور نہ کر سکی اور یوں میچ اضافی وقت میں چلا گیا۔

اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو کئی چانسز ملے تاہم وہ گول میں تبدیل نہ کیے جا سکے اور یوں میچ پینیلٹی شوٹ آؤٹ کے مرحلے میں داخل ہو گیا۔

میڈرڈ کے اسٹار کھلاڑی رونالڈو نے میڈرڈ کی پہلی ہی پینیٹی ضائع کر دی۔ میڈرڈ نے تین پینپلٹیز ضائع کیں جب کہ میونخ نے دو۔ یوں بائرن میونخ میچ کی فاتح رہی۔

میونخ کے گول کیپر مانوئل نوئیر میچ کے ہیرو رہے۔ انہوں نے میڈرڈ کی تین پینیلٹیز روک کر اور ضائع کروا کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

بائرن میونخ اب فائنل میں برطانوی کلب چیلسی کے مد مقابل ہوگی۔ چیلسی منگل کی شب ہسپانوی کلب اور دفاعی چیمپئن ایف سب بارسلونا کو ایک دلچسپ میچ میں ہرا کر فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

یورپی کلب فٹ بال کے اس مؤقر مقابلے کا فائنل جرمن شہر میونخ میں انیس مئی کو کھلا جائے گا جو کہ بائرن میونخ کے ہوم گراؤنڈ بھی ہے۔

(ss/at (AFP, Dpa

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید