چیمپئنز لیگ: بائرن میونخ کی جیت
24 اکتوبر 2012بائرن میونخ کی ٹیم چیمپئنز لیگ کے گروپ ایف میں ہے۔ بائرن نے اسی گروپ میں شامل فرانسیسی شہر لیل کے فٹ بال کلب (Lille Olympique Sporting Club) کو ایک گول سے مات دی۔ لیل کے فٹ بال کلب کوLOSC بھی کہا جاتا ہے۔ یہ میچ لیل فٹ بال کلب کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا گیا۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر کم و بیش برابر حملے کیے لیکن کھیل میں دفاعی پہلو نمایاں تھا۔
منگل کے روز کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں جرمن کلب کو ملنے والی پنالٹی کک کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کیا گیا۔ میچ کے بیسویں منٹ میں جرمن فٹ بال کلب کو حاصل ہونے والی برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ ہوم گراؤنڈ میں LOSC سے میچ برابر نہ ہو سکا۔ لیل کلب کے فل بیک لوکاس ڈگنے نے بائرن کے فلپ لاہم کے خلاف فاؤل کیا اور ریفری نے فاؤل کی نوعیت دیکھتے ہوئے بائرن کو پنالٹی کک کا فائدہ دیا۔ اس کک کو تھوماس میُولر نے گول میں تبدیل کر دیا۔
گروپ ایف میں شامل چاروں ٹیموں نے تین تین میچ کھیل لیے ہیں۔ گول اوسط کی بنیاد پر جرمن کلب تیسرے مقام پر ہے۔ تین ٹیموں کے چھ چھ پوائنٹس ہیں۔ ان میں بائرن، بیلاروس کا فٹ بال کلب BATE اور ہسپانوی کلب ویلینسیا ہیں۔ گول اوسط کی بنیاد پر ویلنسیا کے پاس پہلی پوزیشن ہے۔ دوسری بیلاروس کے کلب اور تیسری جرمن کلب بائرن کے پاس ہے۔ فرانسیسی کلب لیل ابھی تک کوئی میچ نہیں جیت پایا۔ بائرن کی تیسری پوزیشن کی وجہ گزشتہ میچ میں بیلاروس کے فٹ بال کلب BATE کے ہاتھوں ہونے والی حیران کن شکست ہے۔
منگل کو کھیلے جانے والے دوسرے میچوں میں دفاعی چیمپئن چیلسی کی شاختار ڈونیسک سے ہونے والی شکست کو اہم قرار دیا گیا ہے۔ چیلسی ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہارا۔ ویلنسیا نے بیلا روس کے کلب BATE کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ برطانوی فٹ بال کلب مانچیسٹر یونائیٹڈ نے بیلجیئم کے کلب براگا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے مات دی۔ ہسپانوی کلب بارسیلونا نے آئرش کلب سیلٹک (Celtic) کو ہرایا۔
چیمپئنز لیگ کے تیسرے میچ ڈے کا آغاز منگل سے ہوا ہے۔ آج بدھ کے روز بھی مزید میچ کھیلے جائیں گے۔ بدھ کے روز کھیلے جانے والے میچوں میں جرمنی کے دو اور فٹ بال کلبوں، ڈورٹمنڈ اور شالکے کی ٹیمیں بھی میدان میں اتریں گی۔ بدھ کے روز کھیلے جانے والے میچوں سے چیمپئنز لیگ کے گروپ اسٹیج کے پہلے مرحلے کی تکمیل ہو جائے گی اور اس کے بعد ہر گروپ کی ٹیم ایک دوسرے کے خلاف دوبارہ کھیلے گی۔ گروپ اسٹیج پر ہر ٹیم اپنے ہوم اور پھر مخالف ٹیم کے میدان پر کھیلتی ہے۔ گروپ اسٹیج کے اگلے مرحلے یعنی چوتھے میچ ڈے کا آغاز چھ نومبر سے ہو گا۔
ah / ng (Reuters)