چیمپئنز لیگ، ریال میڈرڈ نے ڈورٹمنڈ کو ہرا دیا
3 اپریل 2014فٹ بال کی یورپی چیمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل مقابلوں کے سلسلے میں بدھ کو دو میچ کھیلے گئے۔ ان میں اسپین کے معروف کلب ریال میڈرڈ نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر جرمن کلب ڈورٹمنڈ کو تین صفر سے مات دی جبکہ فرانسیسی ٹیم پیرس سینٹ جیرمین (پی ایس ڈی) نے پیرس میں کھیلے گئے ایک میچ میں برطانوی کلب چیلسی کو حیرت انگیز طور پر ایک کے مقابلے میں تین گول سے مات دے دی۔
کوارٹر فائنل کے ڈراز میں جب ڈورٹمنڈ کو معلوم ہوا تھا کہ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اسے میڈرڈ کو ہرانا ہو گا تو یہ جرمن کلب کچھ زیادہ مطمئن دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ بدھ کو میڈرڈ میں بارش کے دوران کھیلے گئے اس میچ میں ڈورٹمنڈ کے متعدد نمایاں کھلاڑی دستیاب نہیں تھے۔ کچھ زخمی تھے جبکہ کچھ پر پابندی عائد تھی۔ ڈورٹمنڈ کے اہم اسٹرائیکر رابرٹ لیونڈوسکی بھی ’بکنگ‘ کے باعث اس میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔
کرسٹیانو رونالڈو اور میڈرڈ کے دیگر کھلاڑیوں کے آگے جرمن کلب بے بس نظر آیا اور ہسپانوی کلب نوے منٹ دورانیے کے اس میچ میں چھایا رہا۔ تیسرے منٹ میں ہی Gareth Bale نے ڈورٹمنڈ کے گول کیپر رومان وائیڈن فلیڈ کو دفاع کا موقع فراہم کیے بغیر ہی گول کر دیا۔ کھیل کی ابتداء میں اس گول نے میڈرڈ کو ایک ایسی توانائی فراہم کی، جو کھیل کے اختتام تک بڑھتی ہی چلی گئی۔
کھیل کے 27 ویں منٹ میں ہسپانوی کلب کے مڈ فلیڈر Isco نے ایک اور گول کر دیا۔ پہلے ہاف کے اختتام تک میڈرڈ کو صفر دو سے برتری حاصل تھی، جب دوسرا ہاف شروع ہوا تو ڈورٹمنڈ نے کچھ سنبھل کر کھیل کا آغاز کیا لیکن ان کا کوئی بھی حملہ گول میں تبدیل نہ ہو سکا۔ اس نفسیاتی کشمکش میں 75 منٹ نے مایہ ناز کھلاڑی رونالڈو نے میڈرڈ کے لیے تیسرا گول کر دیا اور جرمن کلب کی کامیابی کی امیدیں دم توڑ گئیں۔ اس ٹورنامنٹ میں رونالڈو کا یہ 14 واں گول تھا۔
میچ کے بعد ڈورٹمنڈ کے کوچ ژورگن کلاپ نے کہا، ’’ہمارے خلاف گول ہوئے ہیں۔ ہم کھیل کے دوران کوئی مؤثر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ ابتدائی گول کے بعد ہمیں سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ریال میڈرڈ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر گول کرتی ہے۔
بدھ کے دن کھیلے گئے ایک اور کوارٹر فائنل میں فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جیرمین کی کارکردگی بھی دیدنی رہی۔ ناقدین کے بقول وہ یہ نہیں سوچ رہے تھے کہ برطانوی کلب چیلسی اتنی آسانی سے شکست کھا جائے گا۔ لیکن ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست کھانے کے بعد کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے میں اب اس کا ’کم بیک‘ کرنا ایک مشکل امر معلوم ہو رہا ہے۔
یہ چاروں ٹیمیں آٹھ اپریل کو کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے میں آمنے سامنے آئیں گی۔ اگر ڈورٹمنڈ یا چیلسی کو سیمی فائنل تک پہنچنا ہے تو انہیں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مد مقابل حریفوں کو ایک بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا۔